میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اداکارہ حنا الطاف کے شہر قائد کو جیل قرار دینے والے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اداکارہ کا نام تو معلوم نہیں، تاہم کراچی کے حالات کے بارے میں رائے دینے سے پہلے ماضی کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے حنا الطاف کے بیان سے متعلق سوال کیا تو مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں وزیراعلیٰ سندھ کو سڑک پر چلتے دیکھا ہوگا، جہاں ان کے ساتھ وزرا، بلدیاتی نمائندے اور عام شہری بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق وہاں لوگوں کا ایک بڑا مجمع تھا۔
میئر کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے مخالفت کے باعث بعض لوگ بھول جاتے ہیں کہ تقریباً 20 سال پہلے شہر کے حالات کیسے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دور میں بوری بند لاشوں، ہڑتالوں، بھتہ خوری اور اغوا جیسے مسائل کا سامنا تھا، تاہم ان کے بقول اب یہ صورت حال نہیں رہی۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اداکارہ اپنی رائے دے سکتی ہیں۔
انہوں نے لندن کے حالات پر بھی طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں صورت حال خطرناک ہے اور بین الاقوامی حالات پر نظر رکھنے یا لندن جانے والا شخص اس کا اندازہ لگا سکتا ہے۔ میئر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف تعصب رکھنے والوں کے لیے ان کے پاس مفت علاج کی سہولت موجود ہے۔ ان کے بقول ڈسپنسری یا اسپتال میں علاج کے ساتھ مقامی چشمہ بھی رعایتی قیمت پر فراہم کیا جائے گا، اگرچہ وہ برانڈڈ نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ حنا الطاف نے لندن سے کراچی واپسی سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی کراچی کے لیے پرواز ہے اور یہ شہر واپس پہنچ کر جیل کی طرح محسوس ہوگا، جہاں لڑکیاں آزادی سے زندگی نہیں گزار سکتیں۔ اداکارہ کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کی تھی۔