جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ: 8 پاکستانی کھلاڑی سنگلز کوارٹر فائنل، ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے

چیمپئن شپ اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں جاری ہے، جس میں 14 ممالک کے 58 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں


ذوالفقار بیگ November 04, 2026

اسلام آباد میں جاری جے 60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ بوائز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں تین پاکستانی کھلاڑیوں نے جگہ بنا لی جبکہ ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھی پانچ پاکستانی کھلاڑی پہنچ گئے۔

سنگلز مقابلوں میں احتشام ہمایوں نے روس کے ڈینیئل الیاس کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور 6-4 سے شکست دی جبکہ محمد حسن عثمانی نے پاکستانی کھلاڑی عامر مزاری کو 6-1 اور 6-1 سے ہرایا۔ اس سے قبل حمزہ رومان بھی سویڈن کے نیلز پریگر کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

بوائز ڈبلز کے سیمی فائنل میں احتشام ہمایوں، حمزہ رومان، محمد حسن عثمانی، ایم حذیق عاصم اور عامر مزاری نے جگہ بنائی۔ تاہم عامر مزاری اپنے سری لنکن ساتھی کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔

چیمپئن شپ اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں جاری ہے، جس میں 14 ممالک کے 58 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں 36 لڑکے اور 22 لڑکیاں شامل ہیں۔ شریک ممالک میں پاکستان، روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس اور سویڈن شامل ہیں۔

ایونٹ کو بارڈ فاؤنڈیشن اسپانسر کر رہی ہے جس کی معاونت سے پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں۔ چیمپئن شپ کے میچز کل صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔