عصرحاضر میں عالمی معیشت کی رفتار، ساخت اور سمت کا تعین روایتی تجارتی طریقوں کے بجائے جدید مالیاتی اصولوں، کارپوریٹ فنانس، پرائیویٹ ایکویٹی، وینچر کیپٹل اور ڈیٹا پر مبنی تحلیلی تحقیق (Financial Econometric Analysis) کے ذریعے ہو رہا ہے۔ دنیا کی جن اقوام نے ان جدید معاشی نظاموں، سرمایہ کاری کے تجزیات اور عالمی مارکیٹ کے ابھرتے ہوئے رجحانات کو سمجھ کر اپنی پالیسیوں کا حصہ بنایا، وہ آج بین الاقوامی تجارت اور معیشت کی قیادت کے منصب پر فائز ہیں۔ اس بدلتے ہوئے عالمی تناظر میں پاکستان ایک ایسے حساس اور اہم معاشی موڑ پر کھڑا ہے جہاں اسے اپنے دائمی تجارتی خسارے پر قابو پانے، زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور مجموعی قومی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے روایتی ڈگر کو ترک کر کے ایک جدید، انقلابی اور سائنسی معاشی بیانیہ اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
پاکستان کے موجودہ تجارتی اور معاشی منظرنامے کا اگر باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ حقیقت انتہائی واضح ہو کرسامنے آتی ہے کہ ہماری قومی معیشت کا سب سے بڑا اور بنیادی چیلنج درآمدات اور برآمدات کے درمیان پایا جانے والا شدید عدم توازن ہے۔ ملک کا درآمدی بل مسلسل اور غیر متوازن حد تک بلند رہتا ہے، کیونکہ ہماری صنعتی و معاشی ساخت کا زیادہ تر انحصار خام مال، بھاری مشینری، تکنیکی آلات اور توانائی کے وسائل خصوصاً تیل اور گیس کی غیر ملکی خرید پر ہے۔
اس کے برعکس ہماری برآمدات کا حجم نہ صرف مجموعی طور پر محدود ہے بلکہ وہ محض چند روایتی شعبوں جیسے کہ ٹیکسٹائل، خام سوتی دھاگا، چاول اور چند بنیادی زرعی مصنوعات تک ہی محصور ہو کر رہ گیا ہے۔ عالمی منڈی میں شدید مقابلے اور عدم استحکام کے باعث جب بھی عالمی سطح پر خام مال کی قیمتیں گرتی ہیں یا طلب میں کمی آتی ہے تو ہماری برآمدات شدید متاثر ہوتی ہیں، جس کے نتیجے میں بیرونی ادائیگیوں کا توازن بگڑ جاتا ہے اور ملک کو بار بار بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا در کھٹکھٹانا پڑتا ہے۔
عالمی منڈی اور بین الاقوامی تجارت کے افق پر پاکستان کی پرواز کو بلند کرنے کے لیے سب سے پہلا اور بنیادی قدم یہ ہے کہ ہم خام مال یا ابتدائی درجے کی بنیادی اشیاء برآمد کرنے کے بجائے ’’ویلیو ایڈیشن‘‘ (Value Addition) اور اعلیٰ درجے کی پروسیسنگ کی حکمت عملی اپنائیں۔ پاکستان روایتی طور پر کم قیمت خام مال یا اوسط درجے کی مصنوعات برآمد کرتا ہے، جن کی عالمی منڈی میں معمولی قیمت ملتی ہے۔ جب تک ہم خام کپاس اور سوتی دھاگے کی جگہ اعلیٰ ترین معیار کے تیار شدہ لباس، گارمنٹس اور فیشن ڈیزائننگ کی مصنوعات عالمی بازار میں پیش نہیں کریں گے اور جب تک ہم اپنی زرعی اجناس جیسے کہ چاول، پھل اور سبزیوں کو جدید فوڈ پروسیسنگ اور پیکیجنگ کے ذریعے عالمی معیارات کے مطابق برانڈ کر کے نہیں بیچیں گے، تب تک ہم اپنی برآمدات کا حجم کثیر زرمبادلہ میں تبدیل نہیں کر سکتے۔
ویلیو ایڈیشن کی اس پالیسی سے نہ صرف مصنوعات کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگا بلکہ ملک کے اندر صنعتی ترقی اور روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔اس معاشی ارتقاء اور برآمدی نمو کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملک کے اندر کارپوریٹ فنانس، پرائیویٹ ایکویٹی (Private Equity) اور کیپٹل مارکیٹ کے نظام کو متحرک اور فعال بنانا لازمی ہے۔ عالمی سطح پر بین الاقوامی سرمایہ کار اور بڑے مالیاتی ادارے ان ابھرتی ہوئی منڈیوں (Emerging Markets) کا رخ کرتے ہیں جہاں شفافیت، پائیدار مالیاتی ڈھانچہ اور کاروبار میں آسانی (Ease of Doing Business) کی ضمانت موجود ہو۔ پاکستان کو اپنے نجی صنعتی شعبے کی ترویج کے لیے وینچر کیپٹل اور خصوصی انویسٹمنٹ فنڈز کا ایک مربوط جال بچھانا ہوگا تاکہ نئی سوچ رکھنے والے صنعت کاروں، انجینئرز اور ٹیکنالوجی کے ماہرین کو سرمایہ میسر آ سکے۔
جب تک ملک میں نجی اور غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری (FDI) کے لیے سازگار پالیسیاں اور پالیسی کا تسلسل نہیں ہوگا، تب تک ہم نہ تو جدید تکنیکی صنعتی زونز قائم کر سکیں گے اور نہ ہی عالمی سطح کی پیداواری صلاحیت حاصل کر پائیں گے۔علاوہ ازیں، بین الاقوامی مارکیٹ میں پائیدار مقام حاصل کرنے کے لیے برآمدی شعبوں کا تنوع (Export Diversification) انتہائی ناگزیر ہے۔ پاکستان کو روایتی ٹیکسٹائل اور زراعت پر اپنا تمام تر انحصار ختم کر کے غیر روایتی اور جدید شعبوں کی جانب تیزی سے پیش قدمی کرنا ہوگی۔ ان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، سافٹ ویئر ڈولپمنٹ، فری لانسنگ، فارماسیوٹیکلز، سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، معدنیات کی در آمد و پروسیسنگ اور انجینئرنگ سروسز شامل ہیں۔ عالمی سطح پر آئی ٹی کا شعبہ کم ترین لاگت اور مختصر ترین وقت میں سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان کو امریکا، کینیڈا اور یورپی یونین کی چند محدود اور روایتی منڈیوں پر اپنا انحصار کم کر کے دنیا کے دیگر حصوں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا۔ افریقہ، وسطی ایشیائی ریاستوں، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی منڈیاں (Emerging Markets) پاکستانی مصنوعات اور سروسز کے لیے ایک بہترین اور وسیع میدان فراہم کر سکتی ہیں، بشرطیکہ ہم وہاں فعال تجارتی حکمت عملی کے ساتھ داخل ہوں۔
اس تمام پیش رفت کے لیے بین الاقوامی کوالٹی معیارات، ماحولیاتی ضوابط اور شفافیت کے اصولوں کی پاسداری ایک ناگزیر شرط کے طور پر سامنے آتی ہے۔ موجودہ عالمی بازار میں خریدار اور کارپوریٹ ادارے صرف پروڈکٹ کی قیمت نہیں دیکھتے بلکہ وہ یہ بھی تسلی کرتے ہیں کہ آیا یہ مصنوعات ماحولیاتی تحفظ (ESG - Environmental, Social, and Governance)، انسانی حقوق، لیبر قوانین اور کوالٹی سرٹیفیکیشنز کے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کی گئی ہیں یا نہیں، اگر ہماری صنعتیں ان بین الاقوامی تقاضوں اور ماحول دوست پیداواری طریقوں کو اپنانے میں ناکام رہیں تو آنیوالے دنوں میں ہماری مصنوعات پر عالمی منڈیوں کے دروازے بند بھی ہو سکتے ہیں۔ اس لیے حکومت اور صنعتی اداروں کو مل کر اپنے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔
اس عظیم معاشی سفر اور عالمی منڈی میں پاکستان کا لوہا منوانے کے لیے بحیثیت قوم اور ادارے ہمیں مربوط کردار ادا کرنا ہوگا۔ سب سے پہلے تعلیمی و تحقیقی اداروں، اقتصادی تھنک ٹینکوں، کارپوریٹ سیکٹر اور حکومت کے درمیان ایک مضبوط اور مستقل رابطہ قائم کرنا ہوگا تاکہ فیصلے جذبات کے بجائے مارکیٹ کے حقیقی ڈیٹا، مالیاتی تجزیات اور تحلیلی تحقیق پر مبنی ہوں۔ دوسرا اہم اقدام ہماری تجارتی سفارت کاری (Trade Diplomacy) کو متحرک کرنا ہے۔ بیرون ملک قائم پاکستانی سفارت خانوں میں موجود تجارتی عملے کو صرف روایتی کاموں تک محدود رکھنے کے بجائے انھیں واضح اہداف دیے جائیں کہ وہ پاکستانی برآمدات کے لیے نئی منڈیاں تلاش کریں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان لائیں۔ تیسرا اور سب سے اہم اقدام ہماری افرادی قوت یعنی نوجوان نسل کی جدید پیشہ ورانہ تربیت ہے۔ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اگر ہم ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، کارپوریٹ مینجمنٹ، ڈیجیٹل اسکلز اور بین الاقوامی مالیاتی تقاضوں سے آراستہ کر دیں تو یہی انسانی وسائل ہماری معاشی کامیابی کا سب سے بڑا انجن بن سکتے ہیں۔
حاصل کلام یہ ہے کہ پاکستان کے پاس ایک انتہائی اہم اور اسٹرٹیجک جغرافیائی موقع، قدرتی وسائل کا بے پناہ ذخیرہ اور صلاحیتوں سے مالا مال نوجوان آبادی موجود ہے۔ معاشی بحرانوں سے نکل کر عالمی منڈی میں اپنی پرواز کو بلند کرنا کوئی ناممکن خواب نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسا قابلِ عمل ہدف ہے جسے درست سمت، ڈیٹا پر مبنی فیصلوں، مالیاتی نظم و ضبط، نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور برآمدی تنوع کی پالیسی کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے، اگر ہم بحیثیت قوم روایتی سوچ کو خیرباد کہہ کر جدید عالمی مالیاتی اصولوں اور برآمدی حکمت عملی پر سختی سے کاربند ہو جائیں، تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی تجارتی افق پر ایک خودکفیل، بااعتماد، مضبوط اور پیش پیش معاشی قوت بن کر ابھرے گا۔