کراچی:
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی ٹیم نے شاہراہ فیصل پر واقع کال سینٹر میں کارروائی کی،چھاپہ مار کارروائی کے دوران کال سینٹر میں کام کرنے والے لڑکوں اور لڑکیوں سمیت دیگر عملے کو گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے بعد کال سینٹر کے باہر کال سینٹر میں کام کرنے والے ملازمین کے والدین سمیت عزیزواقارب و دیگر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جبکہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کسی کو اندر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ کچھ افراد سے پوچھ گچھ کا سلسلہ بھی جاری رہا،جنھیں بعدازاں جانے کی اجازت ملی،اس دوران مختلف قسم کے برقی آلات لیپ ٹاپس ودیگر تحویل میں لیے گئے۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے کراچی زون نے کارروائی سے متعلق سرکاری مؤقف جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ ایف آئی آر نمبر 122/2026 کے تحت تمام گرفتاریاں قانون کے مطابق کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفصیلات آج شام 4 بجے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔