عمان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف 42 رنز سے شکست کے باوجود آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کوالیفائر 2027 میں رسائی حاصل کرلی۔
دبئی میں ورلڈ کپ لیگ 2 کے آخری میچ میں شکست کے بعد عمان اور نمیبیا کے پوائنٹس 33، 33 رہے تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر عمان نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔
یو اے ای نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔ کپتان راہول چوپڑا اور ادیب عثمانی نے 47، 47 جبکہ باسل حمید نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
عمان کی جانب سے شکیل احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں عمان کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 28 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ مجیب علی نے 65 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی تاہم پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی۔
عمان کے ساتھ امریکا، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز نے بھی گلوبل کوالیفائر میں براہ راست رسائی حاصل کرلی۔
دوسری جانب ورلڈکپ 2027 کے شریک میزبان نمیبیا سمیت کینیڈا، نیپال اور یو اے ای کوالیفائر پلے آف کھیلیں گے۔
پلے آف سے چار ٹیمیں گلوبل کوالیفائر میں پہنچیں گی جہاں ورلڈ کپ کی آخری چار نشستوں کا فیصلہ ہوگا۔
2027 کا ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر تک کھیلا جائے گا جس میں 14 ٹیمیں 57 میچز میں حصہ لیں گی۔