3 سالہ بچی کا جنسی استحصال؛ ملزم گھر میں آنے والا قریبی رشتے دار نکلا

ملزم والدین کی عدم موجودگی میں گھر میں داخل ہوا، ابتدا میں بچی نے خوفزدہ ہوکر خاموشی اختیار کی


ویب ڈیسک November 05, 2026

لاہور:

3 سالہ بچی کے جنسی استحصال میں ملوث ملزم گھر میں آنے والا قریبی رشتے دار نکلا۔

پولیس کے مطابق بچوں کا جنسی استحصال کرنے والے اب بچ نہیں سکتے۔ قریبی رشتے دار کی جانب سے 3 سالہ بچی کے جنسی استحصال کے واقعے پر نواں کوٹ پولیس نے ملزم حسن کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق وقوعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق والدین کی عدم موجودگی میں ملزم گھر میں داخل ہوا۔ والد کے مطابق گھر میں ان کی دونوں بیٹیاں اور بیٹا موجود تھے، موقع پا کر ملزم نے سب سے چھوٹی بیٹی کو ہراساں کیا۔

والد کے مطابق ملزم نے بچی سے غیر اخلاقی حرکات کیں، خوف کے باعث بچی خاموش رہی۔ بعد ازاں خوف و ہراس سے نکل کر بچی نے والدین کو اپنی آپ بیتی اپنی زبان میں سنائی۔ متاثرہ بچی کے والد کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ اپنے بچوں کی حفاظت اپنی ذمہ داری ہے، والدین اپنے بچوں کے رویوں میں غیر معمولی تبدیلی کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ غیر محفوظ حالت جنسی استحصال کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو اکیلا نہ چھوڑیں، مجبوری کی صورت میں بچوں کو محفوظ ہاتھوں میں دیں۔