کراچی: عمرہ پیکیج فراڈ میں 49 شہریوں سے 70 لاکھ روپے ہتھیانے والا ملزم گرفتار

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ  2014 کے انسانی اسمگلنگ ویزا فراڈ کیس کا اشتہاری ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا


آفتاب خان November 05, 2026
فوٹو: فائل

ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے عمرہ پیکیج فراڈ میں 49 شہریوں سے 70 لاکھ روپے ہتھیانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ  2014 کے انسانی اسمگلنگ ویزا فراڈ کیس کا اشتہاری ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا،  ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل  کراچی نے انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور شہریوں کو بیرونِ ملک سفر کے نام پر دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پہلی کارروائی میں ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے عمرہ ویزا، فضائی ٹکٹ اور سفری پیکیجز فراہم کرنے کے نام پر شہریوں سے  فراڈ کرنے والے ملزم اشتیاق علی، جو میسرز کاروانِ سفر ٹریول اینڈ ٹورز سے وابستہ ہے، کو گرفتار کیا۔ 

ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے 49 افراد سے تقریباً 70 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم وعدے کے مطابق عمرہ ویزا کی سہولت فراہم نہ کی اور جعلی فضائی ٹکٹ اور ہوٹل واؤچرز جاری کیے۔ ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 406، 420 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایک دوسری کارروائی میں ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی نے 2014 میں درج انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم شہزاد بلوچ ولد محمد رفیق کو گرفتار کر لیا۔ 

ملزم ایف آئی آر میں نامزد تھا اور عدالتی کارروائی میں پیش نہ ہونے پر مجاز عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا، مقدمے کے مطابق مبینہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ نیٹ ورک جعلی ویزوں کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو بھاری رقوم کے عوض متحدہ عرب امارات بھیجنے میں ملوث تھا۔ ملزم کو 4 نومبر 2026 کو گرفتار کیا گیا۔

دونوں مقدمات میں مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔ عمرہ پیکیج فراڈ کیس میں  ہتھیائی گئی رقم کا سراغ لگانے اور دیگر ممکنہ متاثرین کی نشاندہی کے لیے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی کی یہ کارروائیاں شہریوں کو سفری اور ویزا فراڈ سے محفوظ رکھنے، انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی اور پرانے مقدمات میں مطلوب ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کی عکاس ہیں۔