سندھ ہائیکورٹ کا صوبے میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم

عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کر دی


کورٹ رپورٹر November 05, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم جبکہ نے چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کر دی۔

عدالت نے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی اور ٹریفک مسائل سے متعلق 7 درخواستوں پر فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلے کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی جس میں محکمہ داخلہ، ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ عدالت نے کمیٹی میں محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی کے محکمے کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت کے فیصلے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی سندھ بھر میں ٹریفک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے گی۔ ماسٹر پلان میں متعلقہ اداروں کی ذمہ داریاں اور عمل درآمد کی مدت واضح کریں، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور نگرانی کا مؤثر نظام بھی ماسٹر پلان کا حصہ ہوگا۔

فیصلے کے مطابق ہر ضلع کی ٹریفک سے متعلق مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھا جائے جبکہ ٹریفک کی بدلتی صورتحال اور عوامی ضروریات کے مطابق ماسٹر پلان پر نظرثانی بھی کی جائے گی۔ محکمہ ماحولیات سندھ موٹر گاڑیوں سے متعلق جامع ماحولیاتی قواعد و ضوابط تیار کرے، سیکریٹری ماحولیات مجوزہ ماحولیاتی قوانین کا مسودہ تیار کرکے چیف سیکریٹری کو پیش کریں۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ مجوزہ قواعد میں گاڑیوں کے دھوئیں، ماحولیاتی معیارات اور گاڑیوں کی انسپکشن و ٹیسٹنگ کو شامل کیا جائے جبکہ گاڑیوں کے ماحولیاتی معیارات پر عمل درآمد اور خلاف ورزیوں کیخلاف کارروائی کا نظام بھی وضع کیا جائے۔

فیصلے کے مطابق متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں، موجودہ قانونی فریم ورک پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہیے، ماحولیاتی تحفظ اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کو صرف اجلاسوں اور رپورٹس تک محدود نہ رکھا جائے۔