سندھی مسلم فوڈ واک اسٹریٹ پرڈکیتی کی واردات کے دوران شہری قیمتی موبائل فون سے محروم ہوگیا۔
واقعے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔ متاثرہ شہری کی جانب سے موبائل فون چھینے جانے کے حوالے سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے رہائشی سلال ولد محمدصدیق نامی شہری کا کہنا ہے کہ وہ3 اور 4 اکتوبر کی درمیانی شب فوڈ واک اسٹریٹ پر والد اورچچا کے ہمراہ کھانا کھانے آیا تھا۔فوڈ واک پر تصاویر بنوا رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پردوڈاکو آئے اورموبائل فون چھین کرباآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اوراطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔ جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یکم نومبر کو سندھی مسلم فوڈ واک کا افتتاح کیا تھا۔