گورنر نے خدمت سندھ موبائل ایپ کا افتتاح کردیا

میں سابق گورنر کی طرح ریاکار نہیں جو گورنر ہاؤس کے باہر امید کی گھنٹی لگائے، میں کام دکھاوے کیلیے نہیں کرتا،نہال ہاشمی


اسٹاف رپورٹر November 05, 2026

کراچی:

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ میں سابق گورنر کی طرح ریاکار نہیں جو گورنر ہاؤس کے باہر امید کی گھنٹی لگائے، سابق گورنر نے گورنر ہاؤس میں بادشاہت کا نظام بنا دیا تھا، میں شہنشاہ نہیں ہوں، میں عوامی گورنر ہوں اور جو کام کرتا ہوں دکھاوے کے لیے نہیں کرتا۔

یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں خدمت سندھ موبائل ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر سندھ نے کہا آج ہم عوام کے لیے آسانی دینے کے لیے جمع ہوئے ہیں، صوبے کے عوام کو درپیش شکایات دور کرنے کا آغاز کر دیا ہے عوام کہتے ہیں میری بات سنو تو ہم اس ایپ کو پل کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ان کے مسائل حل کریں گے، آج 65 ادارے اس ایپ کے ذریعے جڑ رہے ہیں، یہ ایپ کسی کو نیچا اونچا دکھانے کے لیے نہیں صرف خدمت کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کا جنم گولی چلائے بغیر ہوا یہ بابائے قوم کا کارنامہ تھا، پاکستان ووٹ کی طاقت سے معرض وجود میں آیا، قائد اعظم نے اپنی بیماری چھپائی تاکہ تشکیل پاکستان میں رکاوٹ نہ آئے، پاکستان بننے کے بعد وہ ایک سال جیے تاکہ ہم ہزاروں سال جی سکیں، مسلم لیگ کی تاریخ میں کہیں مذہب اور لسانیت کی بات نہیں ہوتی، اس سال بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ شایان شان طریقے سے منائیں گے، ان کی شخصیت کو ابھاریں گے۔

گورنر نے کہا باہر سے سرمایہ تو آسکتا ہے لیکن نظام خود ٹھیک کرنا ہے، نواز شریف کے فالوورز سے بانی تحریک انصاف کا کوئی موازنہ نہیں، ہمارا کردار اس ایپ کو کامیاب بنائے گا، ہم ہر شکایت کا ڈیٹا جمع کر کے میڈیا کے حوالے کریں گے۔ نادرا بہت حساس کام کر رہا ہے، شناختی کارڈ ہو یا دیگر دستاویزات سب نادرا کو بنانا ہے، نادرا کو دیکھنا ہوتا ہے کوئی کھلواڑ نہ ہو۔

انہوں نے کہا موبائل فون چھیننے کے بہت اسباب ہیں، معاشی ناہمواری بھی جرم کی وجہ ہے، لندن اور نیو یارک میں بھی اسٹریٹ کرائم ہوتا ہے، ہم نے بریکنگ نیوز کے چکر میں اسٹریٹ کرائم کو خبر بنا دیا ہے، والدین بچوں کی تربیت کریں کہ چیز چھیننے سے حاصل نہیں ہوتی۔

پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ ڈاکٹر سیف الرحمان نے بریفنگ میں بتایا کہ خدمت سندھ شکایات اور معلومات ایپ 65 صوبائی اور وفاقی اداروں سے منسلک ہے، عوام موبائل ایپ کے ذریعے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں، کتوں کے کاٹنے کی شکایات بھی درج ہو سکتی ہیں، شکایت درج ہونے کے بعد متعلقہ ادارہ جواب دینے کا پابند ہوگا، شہری اسٹیٹس بھی چیک کر سکیں گے جن کے پاس موبائل نہیں وہ گورنر ہاؤس گیٹ نمبر 4 پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ہمراہ ایپ کا افتتاح کیا گیا۔