خیبرپختونخوا کو دوبارہ آزمائے ہوئے لوگوں کے حوالے کردیا گیا، راجا ناصر عباس

جن لوگوں نے نظام کو کمزور کیا، کیا وہ خیبرپختونخوا میں امن قائم کریں گے؟


اسٹاف رپورٹر November 05, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد:

اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی خدمت کے بجائے عوام سے لڑ رہی ہے، خیبرپختونخوا کو دوبارہ آزمائے ہوئے سیاسی لوگوں کے حوالے کردیا گیا ہے، جن لوگوں نے نظام کو کمزور کیا، کیا وہ خیبرپختونخوا میں امن قائم کریں گے؟

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی چھوٹے چھوٹے ٹرمپ موجود ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو خوف کی وجہ سے گرایا گیا، آج عمران خان ان کے گلے کی ہڈی بن گئے ہیں، کیا کیا ظلم نہ کیے، لوگوں کو اٹھایا عورتوں کو قیدی بنایا، آخر میں ایک ہی حکومت تھی کے پی میں وہاں بھی گورنر راج اور ایمرجنسی لگادی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے افغانستان میں 2.2 ٹریلین ڈالر سے زائد خرچ کیے، امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ افغانستان میں خرچ کرکے بھی امریکا اپنے مقاصد حاصل نہ کرسکا،  امریکا نے عراق میں بھی جھوٹ کی بنیاد پر طاقت کا استعمال کیا، غرور، تکبر، تعصب اور لالچ غلط فیصلوں اور تباہی کا سبب بنتے ہیں، طاقت اور دولت کا غرور قوموں کو غلط اندازے لگانے پر مجبور کرتا ہے، پاکستان میں بھی اسی طرح طاقت کے غلط استعمال اور غلط اندازوں کی مثالیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمران طبقے نے خود کو اشرافیہ سمجھ کر عوامی مینڈیٹ کو نظر انداز کیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کا فیصلہ بھی غلط اندازے کا نتیجہ تھا، لالچ، خوف، تعصب اور تکبر نے پاکستان میں بھی غلط سیاسی فیصلوں کو جنم دیا،
امریکا کے کہنے پر عمران خان کو ہٹانے کا الزام بھی ایک غلط سیاسی اندازہ ثابت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں 25 سال سے امن قائم نہیں ہوسکا، اب خیبرپختونخوا میں بھی بدامنی بڑھ رہی ہے، خیبرپختونخوا کو دوبارہ آزمائے ہوئے سیاسی لوگوں کے حوالے کیا گیا ہے، جن لوگوں نے نظام کو کمزور کیا، کیا وہ خیبرپختونخوا میں امن قائم کریں گے؟ کیا یہ لوگ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور وارداتیں ختم کر سکیں گے؟ عوام کا مینڈیٹ چھین کر ان کے فیصلے کو مسترد کیا گیا۔

علامہ راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ موجودہ نظام کی سیاسی لڑائی بھی عوام کے ساتھ ہے، حکومت عوام کی خدمت کے بجائے عوام سے لڑ رہی ہے، سیاسی، معاشی اور طاقت کے استعمال کی لڑائی عوام کے خلاف لڑی جا رہی ہے، موجودہ نظام سیاسی، معاشی اور سماجی طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے، پاکستان اندرونی اور بیرونی دونوں سطح پر بحرانوں کا شکار ہے۔.