راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح آٹھویں مرتبہ مؤخر

پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی نے افتتاح کو ٹولنگ بوتھ سسٹم اور وزن تولنے والے ویٹ اسٹیشنز کی تکمیل سے مشروط کر دیا


جمیل مرزا November 05, 2026
(فوٹو: انٹرنیٹ)

راولپنڈی:

راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح آٹھویں مرتبہ بھی مؤخر کر دیا گیا، 6 نومبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منصوبے کا افتتاح نہیں کریں گی۔

پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی نے افتتاح کو ٹولنگ بوتھ سسٹم اور وزن تولنے والے ویٹ اسٹیشنز کی تکمیل سے مشروط کر دیا۔ حکام کے مطابق ٹول ٹیکس وصولی کا نظام مکمل ہونے کے بعد ہی رنگ روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولا جائے گا۔

رنگ روڈ کے افتتاح سے قبل بانٹھ انٹرچینج جی ٹی روڈ پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے۔ بانٹھ انٹرچینج سے ٹھلیاں موٹروے لنک تک 38.3 کلومیٹر طویل روٹ مکمل، چار انٹرچینجز بھی تیار ہیں بانٹھ، چک بیلی خان، اڈیالہ اور چکری انٹرچینجز مکمل، پانچواں ٹھلیاں انٹرچینج تاحال زیر تعمیر ہے۔

آر ڈی اے ذرائع کے مطابق رنگ روڈ کی فنشنگ مکمل ہوچکی، ٹولنگ بوتھ سسٹم کی تنصیب جاری ہے۔ افتتاح کی نئی تاریخ ٹولنگ بوتھ اور ویٹ اسٹیشنز کی تکمیل کے بعد دی جائے گی۔

واضح رہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ کا افتتاح اس سے قبل سات مرتبہ ملتوی ہوچکا ہے، منصوبہ گزشتہ تین حکومتوں سے زیر تکمیل ہے۔