کراچی سے ملنے والی آنکھ نکلی اور ادھوری دفن لاش جرائم پیشہ شخص کی نکلی

 لاش کی شناخت کامران گل کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے


منور خان November 05, 2026

کراچی کے علاقے کلفٹن عمر شریف پارک کے قریب قبرستان سے ایک شخص کی زمین میں ادھوری دفنائی گئی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی جس کی ایک آنکھ بھی نکالی گئی تھی، مقتول کا مجرمانہ ریکارڈ سامنے آیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کلفٹن عمر شریف پارک کے قریب قبرستان سے ایک شخص کی زمین میں ادھوری دفنائی گئی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی جس کی ایک آنکھ بھی نکالی گئی تھی۔

 لاش کی شناخت کامران گل کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ کلفٹن بلاک 2 عمر شریف پارک کے قریب سے ملنے والی نامعلوم شخص کی لاش سینے تک زمین میں دفنائی گئی تھی جس کا چہرہ زمین سے اوپر تھا ، مقتول کی لاش کو رسیوں سے باندھا ہوا اور جسم پر تشدد کے بھی نشانات پائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کی ایک آنکھ بھی نہیں ہے ، انھوں نے بتایا کہ قریب موجود سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے نشاندہی پر لاش ملنے کا پتہ معلوم ہوا جس پر پولیس موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے ہیں۔

اس حوالے سے ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ جس مقام سے لاش ملی ہے وہ ہندؤں کا قبرستان ہے جبکہ مقتول کی شناخت پولیس کی تلاش ایپ کی مدد سے کامران گل کے نام سے کی گئی جس کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے جو کہ منشیات اور پولیس مقابلے کے مقدمات میں ملوث رہا ہے۔

تاہم پولیس مزید تفتیش کے لیے اطراف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر رہی ہے تاکہ واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے۔