خواتین شرکا کیساتھ جنسی زیادتی پر ریئلٹی شو ’پہلی نظرمیں شادی‘ ہمیشہ کیلیے بند

رواں برس مئی میں 3 خواتین نے ریئلٹی شو کے اپنے ساتھی شرکا مردوں پر سنگین الزامات عائد کیے تھے


ویب ڈیسک November 05, 2026
خواتین شرکا کے سنگین الزامات کے بعد برطانوی چینل 4 نے مقبول ریئلٹی شو بند کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے چینل 4 نے خواتین شرکا کی جانب سے جنسی زیادتی اور بدسلوکی کے الزامات کے بعد مقبول ریئلٹی شو ’’میریڈ ایٹ فرسٹ سائٹ‘‘ بند کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس بات کا فیصلہ چینل 4 نے اپنے شو کے مرد شرکا پر جنسسی زیادتی کے الزام سے متعلق جاری تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد کیا۔

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں بی بی سی کے پروگرام پینوراما میں گفتگو کرتے ہوئے 3 خواتین نے اپنے پروگرام کے ساتھی مردوں پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

ان میں سے دو خواتین نے ساتھی مرد شرکا پر جنسی زیادتی جبکہ تیسری نے رضامندی کے بغیر جنسی عمل کا الزام عائد کیا تھا البتہ ملزمان نے الزامات مسترد کردیے تھے۔

متاثرہ خواتین نے بتایا تھا کہ ریئلٹی شو کے دوران ان کے شوہر بننے والے ساتھی مرد شرکا نے پروگرام کے فارمیٹ سے تجاوز کرکے زیادتی کر ڈالی۔ 

چینل 4 نے ان شکایات کے بعد دو الگ تحقیقات کرائیں۔ قانونی ادارے کلائیڈ اینڈ کمپنی کی تحقیق میں 31 ہزار سے زائد دستاویزات اور 20 گھنٹے کی ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حفاظتی ضابطے نشریاتی قواعد کے مطابق تھے تاہم بعض مواقع پر ان پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوا۔

دوسری تحقیق میں سابق بی بی سی عہدیدار لورین ہیگسی نے حفاظتی اقدامات مزید بہتر بنانے کی سفارش کی۔

چینل 4 کی سربراہ پریا ڈوگرا کے مطابق ان تمام سفارشات پر عمل سے پروگرام کی بنیادی ساخت تبدیل ہوجاتی۔

جس کے بعد چینل نے چھٹے سیزن کو بھی نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مجوزہ ضمنی پروگرام کی تیاری بھی روک دی گئی ہے۔

چینل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اب یہ پروگرام دوبارہ نشر نہیں ہوگا جبکہ اس کے لیے مختص بجٹ نئے ٹی وی پروگراموں پر خرچ کیا جائے گا۔

بیان میں چینل 4 کی انتظامیہ نے ایک بار پھر متاثرہ خواتین سے معذرت کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ اب تک کی جانے والی تحقیقات نے خواتین کے الزامات پر فیصلہ نہیں دیا، یہ الزامات تاحال متعلقہ حکام کے زیر غور معاملہ ہیں۔