میر رضا کیس کی جے آئی ٹی کا اجلاس طلب، مقتول کے اہل خانہ کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا

اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ زون آفس کراچی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوگا


منور خان November 05, 2026

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ہفتے کو جے آئی ٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے 7 نومبر بروز ہفتے کی شام 4 بجے میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جے آئی ٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جو کہ ڈی آئی جی ویسٹ زون آفس کراچی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوگا۔

ترجمان میڈیا سیل کے مطابق اجلاس میں آئی ایس آئی کے 18 گریڈ یا اس سے زائد رینک کے نمائندے ، انٹیلیجنس بیورو کراچی ، پاکستان رینجرز سندھ اور این سی سی آئی اے کے 18 گریڈ کے افسران کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔

 میر رضا کے اہلخانہ کو بھی جے آئی ٹی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے تاکہ ان کا مؤقف ریکارڈ کرنے کے ساتھ پیش کیے جانے والے شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق جے آئی ٹی کی تشکیل سندھ ہوم ڈپارٹمنٹ کے حکم نامہ کی روشنی میں عمل میں کی گئی ہے جبکہ میر رضا قتل کا مقمہ نمبر 795 سال 2026 بجرم دفعات 365 ، 302 اور 201 کے تحت فیروز آباد تھانے میں درج ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کی جانب سے جے آئی ٹی اجلاس میں شرکت کے لیے متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور مقتول کے اہلخانہ کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔