ہم کسی کو اپنی خودمختاری میں شراکت دار نہیں بنائیں گے، لبنان

لبنان میں مزید قبضہ، قیدیوں کا مسئلہ، بیرونی سرپرستی اور محکومیت برداشت نہیں کی جائے گی


ویب ڈیسک November 06, 2026

لبنان کے صدر جوزف عون نے واضح کیا ہے کہ ملک کی سرزمین اور عوام پر خودمختاری صرف لبنانی ریاست کا حق ہے اور اس معاملے میں کسی دوسرے فریق کی شراکت یا بالادستی قبول نہیں کی جائے گی۔

صدر جوزف عون کا یہ بیان اسرائیل اور لبنان کے درمیان امریکی ثالثی میں طے پانے والے فریم ورک معاہدے کے بعد سامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ لبنان کی مکمل خودمختاری بحال کرنے کی جانب پہلا قدم ہے اور حکومت اس وقت تک کوششیں جاری رکھے گی جب تک ملک کی تمام سرزمین پر ریاستی اختیار بحال نہیں ہوجاتا۔

لبنانی صدر کے مطابق اس معاہدے کا مقصد شہریوں کو اپنے آزاد کرائے گئے علاقوں اور دوبارہ تعمیر ہونے والے گھروں میں واپسی کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لبنان میں مزید قبضہ، قیدیوں کا مسئلہ، بیرونی سرپرستی اور محکومیت برداشت نہیں کی جائے گی۔

لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے بھی کہا کہ معاہدے کا بنیادی مقصد لبنانی سرزمین سے اسرائیلی افواج کا انخلا، ملکی خودمختاری کی بحالی اور بے گھر شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی یقینی بنانا ہے۔