لاہور: اعلیٰ قسم کا پینٹ کوٹ پہن کر آئس سپلائی کرنے والا ملزم گرفتار

شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے ملزم کے قبضے سے 520 گرام آئس برآمد کرلی


سید مشرف شاہ November 06, 2026

لاہور:

شاہدرہ ٹاؤن میں شہریوں کی شکایات پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رہائشی علاقے میں منشیات کے عادی افراد کو آئس سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم زبیر گرفتاری سے بچنے کے لیے اعلیٰ قسم کا پینٹ کوٹ پہن کر رہائشی علاقے میں منشیات سپلائی کرتا تھا۔ ملزم کے قبضے سے 520 گرام آئس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے شہریوں کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہیں بھی کلیئر کروا دیں۔

ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق شہر کی گلیوں اور چوک چوراہوں سے منشیات کے عادی افراد کا انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے شہری پولیس کا ساتھ دیں۔

ایس پی سٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہوں سے متعلق فوری طور پر پولیس کو 15 پر اطلاع دیں۔