بنگلادیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز 356 رنز پر سمیٹ دی۔
حسن محمود نے چھ وکٹیں حاصل کرکے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا جبکہ مہدی حسن میراز نے بھی اہم وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے دوران حسن محمود نے اپنے کیریئر میں پانچویں مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے پانچ مختلف ممالک میں پانچ وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا جبکہ اپنے وطن بنگلادیش میں یہ ان کی پہلی پانچ وکٹیں تھیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے عامر جانگو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 212 گیندوں پر 133 رنز بنائے جس میں 13 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ تاہم حسن محمود نے انہیں بولڈ کرکے ان کی مزاحمت ختم کردی۔
جسٹن گریوز نے بھی 51 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جومیل ویرکن اور جےڈن سیلز نے آخری وکٹ کے لیے 33 رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعہ بہتر بنایا۔
حسن محمود نے شمار جوزف کو بولڈ کرکے چھٹی وکٹ حاصل کی جبکہ مہدی حسن میراز نے جیڈن سیلز کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ویسٹ انڈیز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔