کراچی: نجی کمپنی اور الیکٹرانکس ڈیلر کو خراب فریج کی وارنٹی نہ دینا مہنگا پڑ گیا

شہری کی جانب سے کنزیومر کورٹ میں 35 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر


ناصر بٹ November 06, 2026

کراچی:

نجی کمپنی اور صدر کے الیکٹرانکس ڈیلر کو خراب فریج کی وارنٹی نہ دینا مہنگا پڑگیا۔

شہری یاسر اشفاق نے وارنٹی نہ دینے اور مبینہ جعل سازی پر اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے کنزیومر کورٹ میں 35 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا، عدالت نے نجی کمپنی اور صدر کے الیکٹرانکس ڈیلر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقن سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق شہری نے صدر ہاشو سینٹر کے ڈیلر سے 1 لاکھ 2 ہزار روپے کی خرید و فروخت کی تھی، رسید پر وارنٹی کا ذکر تھا مگر باضابطہ وارنٹی کارڈ جاری نہیں کیا گیا، رابطہ کرنے پر کمپنی نے مذکورہ دکان کو اپنا مجاز ڈیلر ماننے سے انکار کردیا۔

وکیل کے مطابق خریداری کے بعد جعلی مصنوعات اور وارنٹی نہ دینا غیر قانونی اقدام ہے، خراب پروڈکٹ، ذہنی اذیت اور مالی نقصان پر 35لاکھ روپے بطور ہرجانہ دلایا جائے، غیر قانونی تجارت اور شہریوں کو گمراہ کرنے پر کمپنی اور ڈیلر کے خلاف کارروائی کی جائے۔