تھر کے کوئلے کو بجلی کی پیداوار سے آگے بڑھا کر صنعتی ترقی کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، شرجیل میمن

تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی گئی


محمد سلیم جھنڈیر November 06, 2026

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو بجلی کی پیداوار سے آگے بڑھا کر صنعتی ترقی کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے، تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی گئی، کوئلے کی پیداوار میں سالانہ 3.6 ملین ٹن کا اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجلی گھروں کے ساتھ دیگر صنعتی شعبوں کو بھی کوئلے کی فراہمی ممکن ہوگی، کوئلے کو صنعتی استعمال کے لیے بہتر بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے، قومی ریلوے نیٹ ورک سے تھر کو منسلک کرنے کے منصوبے پر 68 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، دیگر صنعتی خریداروں کو کوئلے کی فروخت کے اخراجات بجلی صارفین کے ٹیرف پر منتقل نہیں کیے جائیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ مقامی کوئلے سے کول گیسیفکیشن، میتھانول اور کیمیکلز کی تیاری میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، کوئلے کو صنعتی خام مال کے طور پر استعمال کرنے کے امکانات پر کام کیا جا رہا ہے، تھر کے قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے ذریعے ملکی صنعتی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں گے، مقامی وسائل سے توانائی کے تحفظ اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔