پشاور رنگ روڈ پر جائیداد و رقم کے تنازع پر جرگے میں فائرنگ، دو افراد جاں بحق، دو زخمی

جرگے کے دوران تلخ کلامی کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ ہوگئی اور چار افراد کو گولیاں لگیں


کرائم رپورٹر November 06, 2026
جائے وقوع کا منظر جہاں پولیس موجود ہے (فوٹو : ایکسپریس)

پشاور:

پشاور کے علاقے رنگ روڈ کبوتر چوک کے قریب جائیداد اور رقم کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان ہونے والا جرگہ خونریز تصادم میں تبدیل ہوگیا، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں فریقین کے دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ شاہ پور کی حدود میں رنگ روڈ پر واقع مسافر فش سینٹر میں پیش آیا، جہاں رقم اور جائیداد کے تنازع پر دونوں فریقین کے درمیان جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔ جرگے کے دوران تلخ کلامی کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول سے فضل معبود ولد فضل ودود سکنہ شہید آباد زخمی جبکہ محمد آدم ولد محمد عیسیٰ خان سکنہ کوہاٹ جاں بحق ہوگیا۔ اسی طرح فریق دوم سے پائندہ خان ولد اکبر شاہ سکنہ شاہ پور جاں بحق جبکہ محمد کریم ولد ابراہیم سکنہ گل آباد زخمی ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی چمکنی سرکل محمد اشفاق خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جبکہ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو طبی امداد اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔