گوگل میپس میں ایک نئی سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے جس کا مقصد دوسرے شہروں کا سفر کرنے والے افراد کو نیوی گیشن اور مقامی معلومات تک رسائی میں مدد دینا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق، جب کوئی صارف کسی نئے شہر کے ہوائی اڈے پر پہنچے گا تو گوگل میپس کی جانب سے اسے خوش آمدیدی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔
اس پیغام کے ذریعے صارفین کو ’آسک میپس‘ فیچر استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس کی مدد سے وہ نئے شہر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت گوگل کے جیمنائی مصنوعی ذہانت کے ماڈل پر مبنی ہوگی اور دنیا کے متعدد شہروں کے ہوائی اڈوں پر کام کرے گی۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے گوگل میپس کے نئے ورژن میں یہ فیچر سامنے آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت تقریباً 90 شہروں میں اس سہولت سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، تاہم پاکستان کا کوئی شہر فی الحال اس فہرست میں شامل نہیں۔
گوگل نے ’آسک میپس‘ کو مارچ 2026 میں متعارف کرایا تھا۔ اس کے ذریعے صارفین نقشے سے متعلق سوالات پوچھ کر اپنی منزل، راستوں اور مقامی مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔