معروف پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر کنول آفتاب نے مقامی کپڑوں کے برانڈز کی جانب سے نامناسب کٹ اور مختصر لباس تیار کرنے کے بڑھتے رجحان پر شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
کنول آفتاب نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ پاکستانی برانڈز کو ایسے صارفین کا بھی خیال رکھنا چاہیے جو مکمل اور باپردہ لباس پہننا پسند کرتے ہیں۔
انفلوئنسر نے شکایت کی کہ جب وہ کسی برانڈ سے لباس کی آستینیں بڑھانے یا پشت کو مکمل ڈھانپنے کی درخواست کرتی ہیں تو انہیں جواب ملتا ہے کہ لباس میں تبدیلی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سینکڑوں برانڈز دیکھ چکی ہیں، لیکن اپنی پسند کے مطابق لباس تلاش کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
کنول آفتاب کا کہنا تھا کہ ہر صارف کی پسند اور ضروریات کا احترام ہونا چاہیے اور برانڈز کو روایتی پاکستانی لباس بھی تیار کرنے چاہئیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

