ڈیموکریٹس کی جیت کے بعد ٹرمپ کا منفرد جواب، اوول آفس میں ’ویٹو‘ والی کیپ سجا دی

امریکی آئین کے تحت صدر کانگریس سے منظور ہونے والے کسی بل کو ویٹو کرکے مسترد کرسکتا ہے


ویب ڈیسک November 07, 2026

واشنگٹن: امریکی مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں اپنی میز پر ’ویٹو‘ کا لفظ درج سرخ رنگ کی ایک کیپ رکھ دی۔

اس اقدام کو کانگریس میں ڈیموکریٹس کی اکثریت کے تناظر میں ٹرمپ کی جانب سے اپنے صدارتی اختیارات یاد دلانے کا اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج کے بعد اوول آفس میں اپنی پہلی مصروفیت کے دوران ٹرمپ نے کابینہ روم کو قومی یادگار قرار دینے کے حکم نامے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ان کی میز پر سرخ کیپ بھی موجود تھی جس پر نمایاں طور پر ’ویٹو‘ لکھا ہوا تھا۔

صدر ٹرمپ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگرچہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہوگئی ہے، لیکن ان کے پاس بھی صدارتی ویٹو کا اختیار موجود ہے۔

امریکی آئین کے تحت صدر کانگریس سے منظور ہونے والے کسی بل کو ویٹو کرکے مسترد کرسکتا ہے۔ تاہم کانگریس دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت سے دوبارہ منظوری دے کر صدارتی ویٹو کو غیر مؤثر بھی بنا سکتی ہے۔

مڈٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کو ہونے والے سیاسی نقصان کے بعد ٹرمپ کی جانب سے ویٹو کے اختیار کو نمایاں کرنا اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کی اکثریت کے باوجود قانون سازی کے عمل میں اپنا آئینی اختیار استعمال کرسکتے ہیں۔