ایران جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے تیار، امریکا کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات میں پیشرفت کا امکان

بلومبرگ کی رپورٹ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو اس سیاسی پس منظر میں بھی دیکھا گیا ہے


ویب ڈیسک November 07, 2026

تہران: ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق بعض اہم امور پر امریکا کے ساتھ بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات میں پیشرفت کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق مذاکرات سے باخبر ایک سفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ امریکا اور ایران جنگ ختم کرنے کی کوششوں میں ممکنہ پیشرفت کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق ایسے معاملات پر بھی بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے جو اس سے پہلے مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھے۔

سفارت کار کا کہنا ہے کہ ایران قطر کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ ان تجاویز میں ایرانی جوہری سرگرمیوں سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس معاملے پر ایران کی جانب سے کسی ممکنہ رعایت کو مذاکرات میں اہم پیشرفت قرار دیا جاسکتا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب قطر امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کی کوششیں کررہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حال ہی میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی، جس میں علاقائی بحران کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلومبرگ کے مطابق حالیہ پیشرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات کا راستہ کھل سکتا ہے، تاہم کسی حتمی معاہدے یا ایران کی جانب سے باضابطہ رعایت کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طویل عرصے سے کہتے آئے ہیں کہ ایران کے خلاف جنگ کا بنیادی مقصد اسے جوہری ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔ دوسری جانب ایران کا مؤقف رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن اور غیر فوجی مقاصد کے لیے ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر ایران اپنی جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے مزید شفافیت دکھانے پر آمادہ ہوتا ہے تو اسے امن مذاکرات میں پیشرفت کی بنیاد بنایا جاسکتا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے دوران ریپبلکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے مقابلے میں سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو اس سیاسی پس منظر میں بھی دیکھا گیا ہے۔