امریکی سفارت خانے نے فرانس میں جاری ملک گیر احتجاجی مظاہروں اور ہڑتالوں کے باعث اپنے شہریوں کو سفری مشکلات اور سکیورٹی خطرات سے خبردار کردیا ہے۔
سفارت خانے کے مطابق احتجاجی سرگرمیاں ہفتے کے اختتام تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے ٹرینوں، میٹرو، بسوں اور فضائی سفر کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔
امریکی سفارت خانے نے 4 نومبر 2026ء کو جاری کردہ سکیورٹی الرٹ میں بتایا کہ فرانس کے مختلف شہروں میں مظاہرے، ریلیاں اور احتجاج جاری ہیں۔ 5 نومبر کو ملک گیر کثیر شعبہ جاتی ہڑتال کی کال دی گئی تھی، جس میں اساتذہ، طبی عملے، سرکاری ملازمین اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کارکنوں کی شرکت متوقع تھی۔
فرانس کی چار بڑی ریلوے یونینز نے بھی مشترکہ ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں ریلوے اور میٹرو سروسز میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔
امریکی سفارت خانے نے خاص طور پر خبردار کیا ہے کہ ہڑتالوں کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوسکتا ہے اور مسافروں کو ہوائی اڈے روانہ ہونے سے پہلے اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کرلینی چاہیے۔
سفارت خانے کے مطابق پیرس اور اس کے گردونواح کے بعض علاقوں میں رات کے وقت کرفیو یا نقل و حرکت پر پابندیاں برقرار رہ سکتی ہیں۔ مقامی حکام مختصر نوٹس پر بھی پابندیاں عائد کرسکتے ہیں، جن کے تحت اجتماعات اور بعض عوامی مقامات تک رسائی محدود ہوسکتی ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ مظاہروں میں بعض مقامات پر تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے، جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتجاجی مقامات اور زیادہ رش والے علاقوں سے دور رہیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے پہلے ٹرانسپورٹ اور پروازوں کی صورتحال کی تصدیق کریں۔