کمر درد کی وہ وجوہات جن سے اکثر لوگ لاعلم ہیں

مسلسل تناؤ درد کی شدت بڑھا سکتا ہے اور پٹھوں میں کھنچاؤ پیدا کر سکتا ہے۔


ویب ڈیسک November 07, 2026

کمر درد ایک عام مسئلہ ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ذہنی دباؤ، ضرورت سے زیادہ سیدھا بیٹھنا اور جسمانی سرگرمی کی کمی بھی اس کی وجہ بن سکتے ہیں؟

ورلڈ ہیلتھ آرگینائزیشن کے مطابق کمر کے نچلے حصے کا درد دنیا بھر میں معذوری کی سب سے بڑی وجہ ہے جبکہ 2050 تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 80 کروڑ سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔

کمر درد کی غیرمتوقع وجوہات

زیادہ یا کم جسمانی سرگرمی: مسلسل بیٹھے رہنا یا اچانک ضرورت سے زیادہ ورزش اور جسمانی مشقت کرنا کمر درد بڑھا سکتا ہے۔

زبردستی سیدھا بیٹھنا: ماہرین کے مطابق گھنٹوں ایک ہی انداز میں کمر سیدھی رکھنا پٹھوں میں تناؤ پیدا کر سکتا ہے۔ بیٹھنے کی پوزیشن بدلتے رہنا زیادہ مفید ہے۔

ذہنی دباؤ: مسلسل تناؤ درد کی شدت بڑھا سکتا ہے اور پٹھوں میں کھنچاؤ پیدا کر سکتا ہے۔

درد کا خوف: معمولی تکلیف کو سنگین چوٹ سمجھنے سے خوف بڑھ سکتا ہے، جو درد کے تجربے کو مزید شدید بنا سکتا ہے۔

کیا ہر کمر درد میں ایم آر آئی ضروری ہے؟

ماہرین کے مطابق عام کمر درد میں فوری ایم آر آئی کی ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ اسکین میں نظر آنے والی بعض تبدیلیاں عمر بڑھنے کا معمول کا حصہ بھی ہوسکتی ہیں۔

کمر درد سے کیسے بچیں؟

ماہرین متوازن جسمانی سرگرمی، باقاعدہ چہل قدمی، پٹھوں کو مضبوط بنانے والی ورزش اور مسلسل بیٹھنے سے وقفہ لینے کا مشورہ دیتے ہیں۔

تاہم مسلسل یا بڑھتے ہوئے درد کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ ٹانگوں میں بڑھتی کمزوری یا مخصوص حصوں میں سن ہونا فوری طبی معائنے کا تقاضا کرتا ہے۔