کرکٹ میں تلخی، فٹبال میں دوستی؛ پاک بھارت کھلاڑیوں نے نئی مثال قائم کردی

ڈھاکا میں 5 نومبر کو ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی


اسپورٹس ڈیسک November 07, 2026

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میں حالیہ عرصے کے دوران مصافحے کے تنازعات دیکھنے میں آئے جہاں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

 تاہم فٹبال کے میدان میں دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے کھیل کی اصل روح کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی مثال قائم کردی۔

ڈھاکا میں 5 نومبر کو ساف چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی۔

تاہم میچ سے قبل اور اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے ہاتھ ملایا اور خوشگوار انداز میں ملاقات کی۔

یہ منظر اس لیے بھی توجہ کا مرکز بنا کیونکہ حالیہ پاک بھارت کرکٹ مقابلوں میں مصافحہ نہ کرنے کا معاملہ مسلسل خبروں میں رہا ہے۔

2025 کے ایشیا کپ میں بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا تھا۔

فٹبال میں اس کے برعکس بھارتی کوچ نوشاد موسیٰ نے میچ سے پہلے ہی کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو گلے لگانے کے لیے بھی تیار ہیں۔

بھارتی کپتان نیتھن روڈریگز نے بھی مصافحے کو معمول کی بات قرار دیا جبکہ پاکستانی کپتان عالمگیر غازی نے کہا کہ یہ کرکٹ نہیں بلکہ فٹبال ہے اسی لیے اسے خوبصورت کھیل کہا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے اس ٹورنامنٹ کے لیے زیادہ تر نوجوان اور متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میدان میں اتاری ہے۔