وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ

عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انشاء اللہ ریلیف کے اقدامات کرتے رہیں گے، لیگی رہنما سے ملاقات میں گفتگو


محمد الیاس November 07, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل ٹاؤن لاہور میں وزیراعظم سے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کی مد میں عام عوام کو بلاتفریق ریلیف احسن اقدام ہے جس سے براہ راست کروڑوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کی مد میں اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اس مثبت اقدام کو عوام الناس سراہا رہے ہیں۔ خواجہ احمد حسان نے کہا کہ عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی کوششوں کو بہت پزیرائی ملی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انشاء اللہ ریلیف کے اقدامات کرتے رہیں گے۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں بتدریج کمی کی جارہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات سے ساری دنیا کی معیشتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ قیمتوں میں عدم استحکام ہوا ہے، مستقل امن ہوتے ہی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔