گلشن معمار میں گزشتہ شب قتل ہونے والے ڈاکٹر کے واقعہ کا مقدمہ مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں معمار تھانے میں درج کرلیا گیا یے۔
مقدمے کی ایف آئی آر 536 سال 2026 بجرم 302 ت پ بتاریخ 7 نومبر 2026 کے تحت درج کی گئی ہے جس میں مقتولہ کی بیوہ نے اپنے شوہر کے قتل میں نامعلوم شخص کو نامزد کیا گیا ہے.
ایف آئی آر مدعی مقدمہ مقتول ڈاکٹر کی اہلیہ مسماة سندس احسن سکنہ گلشن معمار نے اپنے بیان میں بتایا کہ میں گلشن معمار میں اپنی فیملی کے ساتھ رہائش پزیر ہوں ۔ہاؤس وائف ہوں ۔میرے شوہر آغا محمد کاشف الدین جو کہ ڈاکٹر ہے ۔ان کا کلینیک آغا میڈیکل سینٹر سیکٹر 2-X گلشن معمار میں واقع ہے اور عرصہ 20 سال سے اسی مقام پر کلینک چلارہے تھے۔
گذشتہ 6 ماہ سے محمد حسنین تنویر میرے شوہر کا اسسٹنٹ ہے اور ہمارے گھر میں اس کی عارضی رہائش یے۔ 6 نومبر کو میرے شوہر اپنے اسسٹنٹ کے ہمراہ کلینک پر گئےجس کے بعد مجھے اطلاع ملی کہ میرے شوہر کو کسی شخص نے گولی مارکر زخمی کردیا ہے۔ اس وقت عباسی شہید اسپتال میں ہیں۔جس پر میں اسپتال پہنچی تو معلوم ہوا کہ میرے شوہر فوت ہوچکے ہیں۔
میرے شوہر کے اسسٹنٹ حسنین تنویر نے مجھے بتایا کہ 6 نومبر کو رات 9 بجکر 10 منٹ اندازا ایک شخص اسم و سکونت نا معلوم پینٹ شرٹ میں ملبوس صورت شناس کلینک میں آیا اور آتے ہی کہا کہ میری والدہ اور بچی یہاں آئی ہے پھر کہا کہ یہ ڈاکٹر کاشف کا کلینک ہے جس پر ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ جی ہاں اسی اثنا میں نامعلوم شخص نے اسلحہ نکال کر ڈاکٹر پر فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ زخمی ہوگئے ۔
نامعلوم شخص فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔ زخمی حالت میں ڈاکٹر کو ایدھی ایمبولنس کے ذریعہ عباسی شہید ہسپتال لائے ڈاکٹر نے بتا یا کہ وہ فوت ہو گئے ہیں۔ان کو گولی سر پر ماتھے کی جانب لگی ہے۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد میرے شوہر کے لاش میرے حوالے کردی ۔ میں بیان دیتی ہوں کہ میرا دعوی یے کہ کسی نامعلوم شخص پر نامعلوم دشمنی کی بنا پر میرے شوہر کو گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔
پولیس نے مقتول کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔اس کیس کی تفتیش ایس آئی او گلشن معمار کریں گے۔ایس ایچ او گلشن معمار محمد علی نیازی نے بتایا کہ مقتول ڈاکٹرکاشف پانچ بچوں کا باپ تھا۔مقتول کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا اور گلشن معمار کا رہائشی تھا۔مقتول کے لواحقین لاش کو آبائی علاقے تدفین لے گئے ہیں ۔
اس اطلاع سمیت تمام پہلوں پر تفتیش کررہے ہیں ۔پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشش کررہی ہے۔