ناسا کا تمام طیاروں سے منفرد نئے تجرباتی طیارے کا اعلان

طیارے کا مقصد انسانی پائلٹ کے ساتھ پرواز کے دوران طیارے کی نقل و حرکت اور سمت بدلنے کی ایسی صلاحیتوں کا تجربہ کرنا ہے


ویب ڈیسک November 07, 2026

ناسا نے ایک نئے تجرباتی طیارے کا اعلان کیا ہے جس کے حوالے سے ادارہ پُرامید ہے کہ یہ اب تک کے تمام طیاروں سے منفرد انداز میں پرواز کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

امریکا کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے مطابق X-70 Fractal نامی اس طیارے کا مقصد انسانی پائلٹ کے ساتھ پرواز کے دوران طیارے کی نقل و حرکت اور سمت بدلنے کی ایسی صلاحیتوں کا تجربہ کرنا ہے، جن کا مظاہرہ اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔

ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین کے مطابق یہ طیارہ پرواز کو کنٹرول کرنے کے جدید نظام اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کو حقیقی فضائی حالات میں آزمانے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

اس نئی فضائی ٹیکنالوجی کے علاوہ یہ طیارہ اندرونی اور بیرونی حصوں میں مجموعی طور پر 910 کلوگرام تک کے تجرباتی آلات اور تحقیقی سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ اس سے تحقیق کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

جیرڈ آئزک مین کا کہنا تھا کہ اس طیارے کا ماڈیولر ڈیزائن اور اس کے اندرونی و بیرونی آلات کو تیزی سے تبدیل کرنے کی صلاحیت ہماری ٹیموں کو مسلسل پرواز کرنے، تجربات سے سیکھنے اور ایک تجربے کے بعد فوری طور پر دوسرے تجربے کی طرف بڑھنے میں مدد دے گی۔

توقع ہے کہ یہ طیارہ آئندہ دو سال کے اندر ناسا کے زیرِ انتظام اپنی پہلی پرواز کرے گا۔

جیرڈ آئزک مین کے مطابق یہ طیارہ ہوا بازی کے شعبے میں ایک نئے دور کے آغاز کا محض ایک حصہ ہے۔