بالی ووڈ گلوکار دلیر مہندی کے بیٹے گوردیپ مہندی نے لپ سنکنگ کے تنازع پر ابھیجیت بھٹاچاریا کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد نے تقریب میں لائیو گانا ہی پیش کیا تھا۔
یہ تنازع اتراکھنڈ میں منعقدہ ایک ثقافتی پروگرام کے دوران سامنے آیا، جہاں ریاستی وزیر نے الزام لگایا کہ دلیر مہندی نے 35 لاکھ روپے معاوضہ لینے کے باوجود لائیو گانے کے بجائے پہلے سے ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارم کیا۔ وزیر کے اعتراض کے بعد گلوکار کی پرفارمنس رکوا دی گئی تھی۔
واقعے کے بعد ابھیجیت بھٹاچاریا نے چھتیس گڑھ میں ایک شو کے دوران لپ سنکنگ کے رجحان پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے دلیر مہندی کا نام لیے بغیر ریاستی وزیر کے مؤقف کی حمایت کی۔
اس پر گوردیپ مہندی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے ابھیجیت کے بیان کو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس انداز میں بات کرکے ابھیجیت نے ایک لیجنڈ فنکار کی توہین کی ہے۔
گوردیپ نے کہا کہ بعض فنکار چند ویوز حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کہہ دیتے ہیں، تاہم انہیں ابھیجیت سے ایسے رویے کی توقع نہیں تھی۔ ان کے مطابق ہر شخص کے اچھے اور برے دن آتے ہیں، اس لیے کسی فنکار کے بارے میں بات کرتے ہوئے لحاظ کرنا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے والد لائیو گارہے تھے اور اعلان کیا کہ وہ شواہد کے ذریعے ابھیجیت کی غلط فہمی دور کریں گے۔