بالی ووڈ میں سپر اسٹارز کا دور ختم ہونے کے قریب ہے، فرح خان

فرح خان نے شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، عامر خان اور اکشے کمار کو بالی ووڈ کا آخری سپر اسٹار قرار دیا


ویب ڈیسک November 07, 2026

بالی ووڈ کی معروف فلمساز اور کوریوگرافر فرح خان نے نئی نسل کے اداکاروں کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں خود اعتمادی کی کمی دکھائی دیتی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں سپر اسٹارز کا دور اب اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے شاہ رخ خان، سلمان خان، امیتابھ بچن، عامر خان اور اکشے کمار کو بالی ووڈ کا آخری سپر اسٹار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اداکاروں کے بعد فلم انڈسٹری کا سنہری دور ختم ہوجائے گا۔

فرح خان نے بتایا کہ نئے اداکار فلم کی ہدایت کاری، کوریوگرافی، موسیقی اور کاسٹنگ سمیت مختلف شعبوں میں غیر ضروری مداخلت کرتے ہیں۔ بعض تو شوٹنگ پر آنے سے پہلے اپنے مکالمے بھی یاد نہیں کرتے، جبکہ سینئر اداکار فلمساز اور ہدایت کار کی صلاحیتوں پر بھروسا کرتے ہیں۔

ان کے مطابق شاہ رخ خان نے فلم ’میں ہوں ناں‘ میں سشمتا سین اور ’اوم شانتی اوم‘ میں نئی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی کاسٹنگ کے معاملے پر ہدایت کار کی پسند کو تسلیم کیا اور کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔

فرح خان کا کہنا تھا کہ ماضی کے سپر اسٹارز آج بھی اپنی پہلی فلم جیسی محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ سلمان خان نے کبھی اتوار کو شوٹنگ کرنے سے انکار نہیں کیا اور نہ ہی کام سے چھٹی مانگی۔

فلمساز نے موجودہ اداکاروں کے بارے میں کہا کہ وہ سیٹ پر پہنچ کر اسکرپٹ اور مناظر تبدیل کرانے کے مطالبات کرتے ہیں۔ ان کی توجہ معیاری فلموں کے بجائے میگزین کے سرورق اور ایوارڈ تقریبات پر زیادہ دکھائی دیتی ہے، جبکہ ان کے کریڈٹ پر قابل ذکر فلمیں بھی موجود نہیں۔