برازیل کے فٹبال کلب نے اسٹار فٹبالر نیمار کے والد کو سی ای او مقرر کر دیا

نیمار سینئر اپنے بیٹے کے کیریئر کے انتظامات دیکھتے ہیں اور این آر اسپورٹس ایجنسی کے بانی ہیں


ویب ڈیسک November 07, 2026

برازیل کے فٹبال کلب سانتوس نے اسٹار فٹبالر نیمار کے والد نیمار سینئر کو کلب کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا۔ کلب نے جمعے کو تقرری کی تصدیق کی، جبکہ صدر مارسیلو ٹیشیرا نے امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے کلب کی انتظامی صلاحیت بہتر ہوگی۔

نیمار سینئر اپنے بیٹے کے کیریئر کے انتظامات دیکھتے ہیں اور این آر اسپورٹس ایجنسی کے بانی ہیں جس کے پاس نیمار کے نام اور تصاویر کے تجارتی حقوق ہیں۔ برازیلی میڈیا کے مطابق ان کا معاہدہ دسمبر تک ہوگا، تاہم آئندہ ماہ صدارتی انتخابات میں مارسیلو ٹیشیرا دوبارہ منتخب ہوئے تو وہ اس عہدے پر برقرار رہ سکتے ہیں۔

کلب صدر کا کہنا تھا کہ سانتوس کو درپیش مسائل حل کرنے اور انتظامی ڈھانچہ بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، نیمار سینئر کی تقرری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور امید ہے کہ ان کا تجربہ کلب کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔

سانتوس برازیلین سیری اے میں 34 میچز کے بعد 47 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔ نیمار 2025 میں بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کے بعد اپنے بچپن کے کلب سانتوس واپس آئے تھے۔

نیمار برازیل کی جانب سے 130 میچز میں 80 گول کے ساتھ ملک کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر ہیں۔ تاہم قومی ٹیم میں ان کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔ جولائی کے آخر میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اب برازیل کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتے، اس سے قبل ناروے کے ہاتھوں ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد بھی وہ اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے اختتام کا اشارہ دے چکے تھے۔