پشاور؛ شادی میں ہوائی فائرنگ پر دو دولھے حوالات پہنچا دیے گئے

پولیس نے تھانہ داودزئی، بڈھ بیر، ریگی، پشتخرہ اور مچنی گیٹ میں کارروائی کی اور دولھوں سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا


احتشام خان November 08, 2026
فوٹو: پشاور پولیس

پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے شادیوں میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو دولھے اور ان کے 7 دوستوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پشاور کے پانچ تھانوں کی پولیس نے شادی کی تقریبات میں دھاوا بول دیا اور ہوائی فائرنگ کرنے کی پاداش میں دو دولھے حوالات پہنچا دیے گئے۔

پشاور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں شادی کی تقریبات کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی ہدایت پر تھانہ داودزئی، بڈھ بیر، ریگی، پشتخرہ، مچنی گیٹ اور انقلاب کی حدود میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ان کا تعلق بڈھ بیر، گھڑی، شاگئی، سفید ڈھیری اور پٹوار پایاں سے ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے اور گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

سی سی پی او پشاور نے واضح کیا ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری رہے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔