ہنگو میں شاہ الماس پیر پہاڑی پر قائم پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ حملہ آور 3 اہلکاروں کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
ڈی پی او صلاح الدین کنڈی کے مطابق دہشتگرد اغواء کیے گئے تینوں پولیس اہلکاروں کو سمانہ پہاڑی خانانو کوٹہ کی جانب لے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس جوانوں نے شاہ الماس پیر پہاڑی پر دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب جاری ہے۔
دوسری جانب دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فیروز علی کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس میں ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی، پاک فوج اور پولیس کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او ہنگو سمیت دیگر افسران نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کانسٹیبل فیروز علی کا جسدِ خاکی مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں ابراہیم زئی روانہ کر دیا گیا۔