سندھ کے مختلف شہروں میں ہندو برادری مذہبی تہوار دیوالی جوش و خروش سے منا رہی ہے، مندروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ چراغاں، آتش بازی اور پٹاخوں سے فضا گونج اٹھی۔ مختلف مقامات پر مسلمان شہریوں نے بھی ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کی خوشیاں بانٹیں اور انہیں مبارک باد پیش کی۔
سجاول میں دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کی خوشیاں عروج پر ہیں، شہر کا ہندستان محلہ روشنیوں سے جگمگا اٹھا، جہاں گھروں اور مندروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
دیوالی کے جشن میں بچوں اور نوجوانوں کا جوش دیدنی ہے جبکہ آتش بازی اور پٹاخوں کی گونج سے محلے کی فضا گونج رہی ہے۔ ہندو برادری کے افراد ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہے ہیں اور ہندستان محلے میں رات بھر چراغاں اور جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔
نوشہروفیروز میں بھی دیوالی کا تہوار روایتی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ شہر کے قدیمی اور تاریخی مندر بابا جمنا داس میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں نوشہروفیروز اور گردونواح سے ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مندر میں دیئے روشن کیے گئے اور آتش بازی کی گئی، جس سے شہر مختلف رنگوں کی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ اس موقع پر مسلمان شہری بھی ہندو برادری کے ساتھ خوشیوں میں شریک ہوئے اور انہیں دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔
ادھر سکھر سمیت ضلع بھر میں بھی دیوالی کی تقریبات جاری ہیں، مختلف مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ کا اہتمام کیا گیا جبکہ سکھر کے مرکزی مندر ناپر دربار میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکا نے ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارک باد دی اور مٹھائیاں و تحائف تقسیم کیے۔
تقریب میں کمشنر عابد سلیم قریشی، ڈی آئی جی ناصر آفتاب، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد، ایس ایس پی احمد چوہدری اور سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن سنان اسلام شیخ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ہندو پنچایت کی جانب سے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو پگڑیاں اور شالیں پیش کی گئیں۔
تقریب کے دوران خصوصی پوجا پاٹ کی گئی اور ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ سندھ کے مختلف شہروں میں دیوالی کی تقریبات مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی محبت کی خوبصورت مثال بن گئیں۔