انڈونیشیا: جنگلاتی آگ بجھانے کے دوران ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، ایک شخص ہلاک

ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو سے پانی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ دریا میں جاگرا


ویب ڈیسک November 09, 2026

جنوب مشرقی ایشیائی ملک انڈونیشیا میں جنگلات اور زرعی اراضی میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کے دوران ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک انڈونیشی اہلکار ہلاک جبکہ دو غیر ملکی اہلکار بچ گئے۔

انڈونیشیا کی قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اور خبر رساں ادارے انتارا کے مطابق حادثہ اتوار صوبہ جنوبی کلیمنتان کے علاقے باریٹو کُوالا میں دریائے باریٹو کے قریب پیش آیا۔

حکام کے مطابق H225 سپر پوما ہیلی کاپٹر جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے واٹر بمبنگ آپریشن میں مصروف تھا۔ اس دوران ہیلی کاپٹر دریائے باریٹو سے پانی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا اور وہ دریا میں جاگرا۔

حادثے کے بعد مقامی افراد اور امدادی اداروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔

انڈونیشیا کے حکام نے ہلاک ہونے والے عملے کے رکن کا نام یاان سوپیانسوری بتایا ہے۔ ڈیزاسٹر حکام کے ایک بیان کے مطابق، بچائے گئے دو افراد میں آسٹریلیائی شہری مائیکل جان بیٹریج اور نیوزی لینڈ کے ہیو اینڈریو جان پیج ہیں.