عالمی منڈی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر نئے حملوں کے امکانات کم ظاہر کرنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بڑی حد تک مستحکم رہیں۔ تاہم آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر حملوں کے باعث تیل کی عالمی ترسیل اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بدستور موجود ہیں۔
خبر رساں ادارے ڈان کے مطابق عالمی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت میں 3 سینٹ کا معمولی اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 98.35 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) بھی 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 91.30 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 16 فیصد گر گئی تھی۔ یہ کورونا وبا کے آغاز کے بعد کسی ایک ہفتے کے دوران ہونے والی سب سے بڑی کمی تھی۔
تیل کی قیمتوں میں حالیہ استحکام کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کو لاحق خطرات عالمی توانائی کی منڈی کے لیے اہم خدشات ہیں۔
نئی دہلی کی تحقیقی کمپنی ایس ایس ویلتھ اسٹریٹ کی بانی سگندھا سچدیوا کے مطابق سفارتی پیش رفت کی امیدوں کے باوجود خطے میں جغرافیائی و سیاسی خطرات بدستور بلند ہیں اور فوجی کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل کی منڈی اس وقت کشیدگی میں کمی کے نسبتاً پُرامید منظرنامے کو قیمتوں میں شامل کر رہی ہے، حالانکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ابھی کوئی جامع معاہدہ طے نہیں پایا۔
ماہرین کے مطابق ایران پر ممکنہ امریکی حملوں سے متعلق غیر یقینی صورت حال اور آبنائے ہرمز کے قریب جہازوں پر حملے تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔