یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے اہم مالیاتی ضلع کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تیل کمپنی سعودی آرامکو کی ایک بلند عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
عمارت کی متعدد منزلوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم سعودی حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز، اے ایف پی اور الجزیرہ کے مطابق متاثرہ عمارت ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے، جو سعودی عرب کا ایک اہم کاروباری اور مالیاتی مرکز ہے۔
سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے ترجمان کے مطابق یمن سے ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا ہی میں تباہ کردیا۔ اس کے علاوہ دو کروز میزائل بھی ریاض اور مملکت کے جنوبی علاقوں کی جانب آنے پر روک لیے گئے۔