اسلام آباد:
یوم اقبال پربوسنیا کے حیات ٹی وی نے علامہ اقبال کو منفرد خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شاعر ِمشرق کی زندگی، فکراور آفاقی پیغام کو اجاگر کیا۔
بوسنیا کے حیات ٹی وی کی خصوصی دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ دستاویزی فلم میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی ابتدائی زندگی، تعلیم اور فکری ارتقا کے مختلف مراحل پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔
دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی، خود شناسی، خود اعتمادی اور انسانی صلاحیتوں کی بیداری کے پیغام کواجاگر کیا گیا ہے۔
حیات ٹی وی کی خصوصی دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی فکروعمل اور ان پر اثرانداز ہونے والی اہم شخصیات کا تذکرہ شامل ہے۔
دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کی شہرۂ آفاق تصانیف اورمختلف مشاہیر کی جانب سے ان کی شخصیت اورفکر پرآرا بھی شامل ہیں جبکہ علامہ اقبال کے علمی و فکری تجربات اور یورپی خاص طور پر جرمن فلسفے سے انکے تعلق کو بھی دستاویزی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
حیات ٹی وی کی دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کو ایک ایسی فکری شخصیت کے طور پر پیش کیا گیا جس کا پیغام سرحدوں سے ماورا ہے۔ دستاویزی فلم میں علامہ اقبال کو ہرعہد اور ہر ملک کا شاعر قرار دیتے ہوئے انکے آفاقی پیغام اور فکر کی عالمگیر اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔