غزہ کے مناظر المناک، خیمے ڈوب چکے، بچے سردی اور بھوک کا شکار ہیں، وزیراعظم کا اظہار تشویش

وزارتِ خارجہ کو انسانی امداد میں فوری اضافے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت


ویب ڈیسک November 09, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے روکنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے جاری غیر قانونی اقدامات پر مجھے شدید تشویش ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ  ایسے دل دہلا دینے والے مناظر سامنے آئے ہیں جن میں خیموں کو پانی میں ڈوبتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اور غزہ کے وہ بچے جو کہیں اور جانے کی جگہ نہ ہونے کے باعث پھنس کر رہ گئے ہیں، بھوک اور شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کی ان خلاف ورزیوں، نیز فلسطینی عوام کے خلاف جاری اس جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

میں نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ انسانی امداد میں فوری اضافے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے۔