لاہور:
پاکستان کے بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی سطح تشویش ناک حد تک بلند رہی، دیوالی کی آتش بازی کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوگئی۔
پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی جانب سے جاری ہوانامہ رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر 2026 کے دوران ملتان میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 241 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو ملک کے زیرِ جائزہ شہروں میں سب سے زیادہ تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں لاہور میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ گائیڈ لائن سے 14.3 گنا زیادہ ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح انتہائی غیر صحت بخش درجے میں ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں پی ایم 2.5 کی اوسط مقدار 49 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی جو عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائن سے 3.3 گنا زیادہ ہے، جبکہ اسلام آباد میں یہ مقدار 65 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی، جو مقررہ حد سے 4.4 گنا زیادہ ہے۔
رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ 11 نومبر تک لاہور میں پی ایم 2.5 کی سطح کم ہو کر 179، کراچی میں بڑھ کر 65، اسلام آباد میں 71 جبکہ ملتان میں کم ہو کر 123 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق دیوالی کی آتش بازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی۔
پنجاب حکومت نے گزشتہ روز ہی بھارت سے آلودہ ہوائیں لاہور پہنچنے اور سموگ میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔