کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں، اکتوبر میں 2 ہزار کے قریب شہری موبائل فونز سے محروم، 36 جاں بحق

اکتوبر کے دوران بھتہ خوری کے 5 واقعات، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چھننے کے 458 واقعات ہوئے، سی پی ایل سی رپورٹ


منور خان November 09, 2026
فوٹو: فائل

کراچی میں ماہ اکتوبر میں بھی جرائم کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور سیکڑوں شہری، موبائل فونز، موٹرسائیکل، گاڑیوں سے محروم ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کو سٹیزن پولیسلائزن کمیٹی کی جانب سے موصول اعداد و شمار کے مطابق شہر میں گزشتہ ماہ اکتوبر میں بھی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری و چھینا جھپٹی کے واقعات بدستور جاری رہے جبکہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے دوران شہریوں سے موبائل فونز چھینے کے واقعات گزشتہ سال کی نسبت زیادہ دیکھنے میں آئے۔

بھتہ خوری کے واقعات گزشتہ سال کی نسبت رواں سال زیادہ رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کے واقعات میں کمی دیکھنے میں آئی۔

سی پی ایل سی کی جانب سے شہر میں گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کی چوری و چھینا جھپٹی ، شہر میں بھتہ خوری کے واقعات اور قتل و غارت گری کے حوالے سے گزشتہ ماہ اکتوبر کے اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے جس کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر میں 8 گاڑیاں چھینی اور 97 گاڑیاں چوری، 361 موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 2 ہزار 295 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا گیا۔

اسی عرصے کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کے 1963 موبائل فونز بھی چھین لیے گئے جو رواں سال کے دوران موبائل فون چھینے جانے کی وارداتوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران بھتہ خوری کے 5 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ شہر میں قتل و غارت گری کے 36 واقعات پیش آئے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر میں اغوا برائے تاوان اور بینک ڈکیتی کی کوئی واردات پیش نہیں آئی.

سی پی ایل سی کی جانب سے شہر میں کرائم کی وارداتوں سے متعلق مرتب کیے جانے والے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو گزشتہ سال 2025 کے 10 ماہ کی نسبت رواں سال 2026 کے 10 ماہ کے دوران موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 2025 کے 10 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 14 ہزار 875 موبائل فونز چھیننے گئے جبکہ رواں سال 2026 کے 10 ماہ کے دوران یہ تعداد 16 ہزار 668 تک جا پہنچی، جس میں گزشتہ ماہ اکتوبر کے مہینے میں سب سے زیادہ 1963 موبائل فونز چھینے گئے۔

سی پی ایل سی کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 2025 کے 10 ماہ کے دوران بھتہ خوری کے مجموعی طور پر 74 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ رواں سال کے 10 ماہ میں 117 واقعات بھتہ خوری کے رپورٹ ہوئے جس میں گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے تاہم گزشتہ سال اکتوبر میں بھتہ خوری کے 18 واقعات رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال اکتوبر میں بھتہ خوری کے 5 واقعات رپورٹ ہوئے۔

رواں سال 2026 میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں کمی سامنے آئی ہے جبکہ گزشتہ سال 2025 قتل و غارت گری کے 489 واقعات رپورٹ ہوئے تاہم رواں سال کے دوران یہ قتل و غارت گری کے واقعات کم ہو کر 444 رپورٹ ہوئے۔