اسرائیلی الیکشن: عرب پارٹیوں نے بازی پلٹ دی

 ایک طرف منقسم یہودی معاشرہ نظر آیا تودوسری سمت مسلم شہریوں کا زبردست ٹرن آؤٹ، جو نیتن یاہو حکومت ہٹانے کے لیے بہت سنجیدہ اور پُرعزم تھے


سید عاصم محمود November 10, 2026

جب اسکول ٹیچر رانیہ فرحات نے 27 اکتوبر کو پہلی بار اسرائیلی پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالا، تو انہیں بھی اکثر عرب اسرائیلی شہریوں کی طرح یہ اُمید نہیں تھی کہ اِس سے نتائج پر کوئی اثر پڑے گا۔

لیکن اُس دن اسرائیل میں مقیم مسلم عربوں نے پہلی بار اتنی زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالے کہ دنیا میں سب سے کٹر مذہبی ریاست میں سیاسی توازن ہی بدل ڈالا اور ایک طرح سے اپنی عرب سیاسی جماعتوں کو’’ کنگ میکر ‘‘یا بادشاہ گر بنا دیا۔اسرائیل کے ظالم ،بے حس اور ڈکٹیٹر وزیراعظم، نیتن یاہو کو قوی اُمید تھی کہ وہ الیکشن جیت کر دوبارہ وزیراعظم بن جائے گا مگر عربوں کے لاکھوں ووٹوں نے اُس کے سارے حسین خواب آئینے کی طرح چکناچور کر دئیے۔

اس بار بدّو برادریوں کے ووٹوں کی تعداد میں بھی پچھلے الیکشنوں کی نسبت زبردست اضافہ ہوا جن میں سے کچھ نے ووٹنگ کے مراکز تک اونٹوں اور گدھوں پر سواری کر کے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی۔مس فرحات کہتی ہیں’’اس بار ہمارے ووٹ تبدیلی لاسکتے ہیں۔‘‘عرب اسرائیلی ووٹروں کا بنیادی مقصد شدت پسند وزیراعظم، نیتن یاہو کی حکومت کا تختہ الٹنا اور اسرائیل کے اندر اور مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی آبادی کے بارے میں اُس کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف واضح پیغام دینا تھا۔ مس فرحات کا کہنا ہے’’ موجودہ اسرائیلی حکومت کے تحت جس میں انتہا پسند یہودی سیاسی جماعتوں کے ارکان کابینہ میں شامل ہیں، عربوں کے خلاف نفرت بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ۔ووٹ ڈالنا بطور شہری ہمارا حق ہے اور یہ ثابت کرنا بھی کہ ہمیں حقوق دینا ریاست کی ذمے داری ہے، نہ کہ سیاسی وفاداری سے مشروط کوئی عطیہ۔‘‘

 الیکشن کا حیران کن نتیجہ

اسرائیل میں 27 اکتوبر کو چھبیسویں کنیسیٹ (پارلیمنٹ) کے 120 ارکان کے انتخاب اور وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی قیادت میں قائم سینتیسویں حکومت کی جگہ لینے والی حکومت کا تعین کرنے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات منعقد ہوئے۔ اس میں 38 پارٹیوں نے حصہ لیا مگر تیرہ پارٹیاں ہی نشتیں جیت سکیں۔ الیکشن سے قبل نیتن یاہو کی زیرقیادت چھ رائٹسٹ (دائیں بازو کی)جماعتوں نے سیاسی اتحاد بنا لیا۔ اسی طرح حزب اختلاف کے مرکزی راہنما، گیڈی آئزن کوٹ بھی چار پارٹیوں کا اتحاد بنانے میں کامیاب رہے۔ عرب پارٹیوں نے اپنے طور پر الیکشن لڑا۔

الیکشن میں نیتن یاہو اتحاد نے 53نشستیںجبکہ گیڈی آئزن کوٹ اتحاد نے 48نشستیں جیت لیں۔ دو عرب سیاسی جماعتیں 19 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہیں۔ ’’جوائنٹ لسٹ‘‘ یا عربی میں القائمۃ المشترکۃ کو 11 جبکہ ’’رعام‘‘ یا القائمۃ العربیۃ الموحدۃکو 8سیٹیں ملیں۔ یوں وہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں تیسرا بڑا اتحاد بن گئیں۔ اب وہی اتحاد نئی اسرائیلی حکومت بنا سکے گا جو 61 نشستیں ثابت کر دے.

عربوں کا حیران کن ٹرن آؤٹ

صحرائے النقب ( Negev) کے ایک بدّو گاؤں، ترابین میں جہاں گزشتہ دو انتخابات میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے اکثریت حاصل کی تھی، اس بار ووٹنگ کا تناسب تقریباً دگنا ہو گیا اور جس نے یونائیٹڈ عرب لسٹ پارٹی کی جیت کو یقینی بنادیا۔گاؤں میں مقیم عرب مسلمانوں کی کچھ برادریوں کو حکومت کی طرف سے تسلیم بھی نہیں کیا گیا اور وہ اکثر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ یہ ملک کے سب سے زیادہ اقتصادی طور پر الگ تھلگ گروہوں میں شمار ہوتے ہیں۔

ابراہام انیشی ایٹوز (Abraham Initiative) نامی اسرائیلی این جی او عرب برادریوں کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔ اُس کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ام نون بیری سولتزیانو کے لیے سب سے زیادہ حیران کن بات مس فرحات جیسی عرب خواتین کا گھروں سے نکلنا اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں کا زبردست ٹرن آؤٹ تھا۔بدّو برادریوں کے ساتھ ساتھ اِن عرب گروہوں کو بھی عموماً ’’کمزور حیثیت‘‘والے سمجھا جاتا ہے۔بیری سولتزیانو کہتے ہیں’’یہ ایک جمہوری کامیابی ہے... اور عرب شہریوں کی جانب سے قومی سیاست میں شمولیت کے واضح جذبے کی نشانی ۔ انھوں نے ہماری تمام توقعات سے کہیں بڑھ کر نتائج دیے ہیں۔‘‘

’’کنگ میکر‘‘ جنہیں نظر انداز کرنا مشکل

نیتن یاہو کا اتحاد اور ان کے اہم حریف، سابق ملٹری چیف گیڈی آئزن کوٹ، دونوں ہی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اب وہ حکومت بنانے کے لیے نئے اتحاد تلاش کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔دونوں نے عرب جماعتوں کے ساتھ کام نہ کرنے کا عہد کیا تھا، لیکن اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسیٹ) میں ریکارڈ 19 نشستیں حاصل کرنے کے بعد عرب جماعتوں کے مضبوط اثر و رسوخ کو نظر انداز کرنا مشکل ہوگا۔

عرب حادش پارٹی جوائنٹ لسٹ کا حصّہ ہے۔اُس کے رکن، امیر بدران صورتحال کو ’’سیاسی شہ مات‘‘ قرار دیتے ہیں۔وہ کہتے ہیں، ’’صرف اس سادہ سی وجہ سے کہ وہ عرب ہیں، کوئی بھی عربوں کے ساتھ تعاون کرنے یا کوئی اتحاد بنانے کے لیے تیار نہیں۔ لیکن اب عرب اسرائیلی سیاست میں ایک بڑی سیاسی قوت بن چکے ... اور کوئی بھی بلاک عرب ووٹوں کے بغیر حکومت تشکیل دینے کی پوزیشن میں نہیں ۔ اس لیے اب ہم ہی ’کنگ میکرز‘‘ (حکومت بنانے یا بگاڑنے کی طاقت رکھنے والے) ہیں۔ہمارے بغیر صرف اسی وقت حکومت بن سکتی ہے جب دونوں (یہودی )اتحادوں میں شامل کوئی بڑی پارٹی اپنے اصول اور انتخابی نعرے پس ِ پشت ڈال کر مخالف اتحاد سے مل جائے۔‘‘

بدران کو خدشہ ہے کہ عربوں کے خلاف بڑھتے تعصب کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ یہ اُن لیے کے ووٹ ڈالنے کا آخری موقع ہو۔ وہ کہتے ہیں’’(اسرائیل میں) نسل پرستی اِس حد تک پہنچ چکی کہ عرب اقلیتیں واضح طور پر وہ دن آتا دیکھ سکتی ہیں... یعنی جب عربوں سے ووٹ ڈالنے کا حق ہی چھین لیا جائے گا۔‘‘ام نون کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں آباد عرب ’’ایسی سیاست سے تنگ آ چکے جو کوئی مادی یا عمل نتائج حاصل نہ کر سکے۔ وہ سیاسی نظام کا حصہ بننا چاہتے ہیں... اور سیاسی کھیل کھیل کر ایک مثبت اور نتیجہ خیز سیاست کے ذریعے نتائج لانا چاہتے ہیں۔‘‘

غزہ اور مغربی کنارے میں بستے فلسطینی عربوں پر اسرائیلی حکومت جو ظلم وستم ڈھا رہی ہے،عرب جماعتیں اسے دیکھتے ہوئے شدید تحفظات رکھتی ہیں۔ پھر بھی وہ صرف نیتن یاہو کو اقتدار سے باہر کرنے کی خاطر اُس کی مخالف یہودی-اسرائیلی جماعتوں کے ساتھ کام کرنے پررضامند ہیں۔لیکن بیری سولتزیانو کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نیتن یاہو کے جال میں پھنس گئی اور اس نے ’’ایک ایسا معاہدہ کر لیا جو نہ اخلاقی ہے، نہ جمہوری اور نہ ہی اس کا کوئی سیاسی جواز بنتا ہے…یعنی عربوں کے ساتھ نہ بیٹھنے کا عہد۔‘‘

عرب ووٹروں کیسے پولنگ اسٹیشن پہنچے؟

الیکشن مہم کے دوران نیتن یاہو کیمپ کی جانب سے عرب مخالف مہم چلائی گئی تھی۔ الیکشن کے بعد ان الزامات کے ساتھ مخالفت میں مزید شدت آ گئی اور وہ یہ راگ الاپنے لگا کہ عرب جماعتوں نے الیکشن’’چُرا‘‘ لیا ہے۔ اس نے الیکشن والے دن ہی اے آئی سے تیار کردہ مواد پوسٹ کیا جس میں دائیں بازو کے (یہودی) ووٹروں پر زور دیا گیا کہ وہ ’’ہنگامی صورتحال‘‘کا مقابلہ کرنے کے لیے گھروں سے فوراً باہر نکلیں اور نیتن یاہو کے اتحاد کو ووٹ دیں۔

اس کے بعد تحقیقات کرنے کے مطالبے سامنے آئے ۔ بعد میں قطر کی ملوث ہونے اور غیر ملکی مداخلت کے الزامات لگائے گئے۔ رعام کے سربراہ، منصور عباس نے انتخابات کا ’’تقدس‘‘ کو برقرار رکھنے کے لیے تحقیقات کا خیرمقدم کیا۔آئزن کوٹ نے بھی تحقیقات کی حمایت کی لیکن نیتن یاہو پر عوام کی رائے میں ہیرا پھیری ، نتائج کی اشاعت میں تاخیر اور آنے والی کنیسیٹ کی قانونی حیثیت پر شک پیدا کرنے کا الزام لگایا۔اس کے بعد سوشل میڈیا پر اسرائیلی عربوں کی کردار کشی شروع ہو گئی اور صیہونی اسرائیلی جماعتوں کے سیاست دانوں نے خطرے اور خوف کی زبان کو مزید ہوا دی۔عرب مخالف جذبات مسلمان اسرائیلیوں کے لیے نئے نہیں جنھوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ آ کر کثیر تعداد میں ووٹ دیا۔

اسرائیلی عربوں کی اکثریت اُن خاندانوں کی نسلوں سے تعلق رکھتی ہے جو 1948ء کے بعد اسرائیل میں ہی مقیم رہے ۔ انھیں دہائیوں سے دشمنی اور نسل پرستی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بہت سے عرب مسلمان یہودی بلدیہ کے مقابلے میں اپنی بلدیات میں خراب حالات کی شکایت کرتے ہیں جن میں فنڈز میں کٹوتیاں، جرائم کی بلند شرح، تعلیم کا پست معیار اور کم معاشی مواقع شامل ہیں۔بیری سولتزیانو کہتے ہیں

’’اس الیکشن میں عرب ووٹر ہر قیمت پر نیتن یاہو حکومت کو گھر بھیجنا اور ناقابل برداشت صورتحال بدلنا چاہتے تھے۔ انھوں نے جاری صورتحال پر کچھ کرنے کی اشد ضرورت محسوس کی…اور کسی کو انہیں بتانے، گاڑیوں میں لانے یا قائل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی۔‘‘کچھ عرب ووٹروں کے لیے غزہ یا مغربی کنارے کے فلسطینیوں کی قسمت ایک اہم فیصلہ کن عنصر تھی، لیکن دیگر نے اُن مسائل پر توجہ مرکوز کی جو براہ راست اُن کی اپنی زندگیوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔

شمالی اسرائیل کے شہر ،ام الفحم میں مقیم آرام حسین کیوان نے انتخابات میں اپنی برادری کے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کے لیے فون کالز کیں۔ان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بات چیت غزہ نہیں بلکہ اسرائیل کے اندر عربوں کو درپیش مسائل پر مرکوز تھی۔وہ کہتے ہیں ’’اسرائیل میں فلسطینی ہونے کی گنجائش مسلسل سکڑ رہی ہے۔ اگر دائیں بازو کی حکومت جاری رہی تو یہ غزہ پر ہی ختم نہیں ہوگی۔ یہ مغربی کنارے اور اس کے بعد عرب شہریوں تک پھیلے گی۔ میں ڈرنے سے زیادہ فکر مند ہوں، کیونکہ ہر فلسطینی کو محسوس ہو رہا ہے کہ اگلا نمبر اسی کا ہے۔ میں ہمیشہ کہتا ہوں، ہم عرب مسلمان ایک ہی قوم ہیں، لیکن ارض ِ فلسطین پر ہم تین معاشروں میں بٹے ہوئے ہیں۔‘‘

بیری سولتزیانو عرب ووٹروں کی جانب سے ووٹنگ کی بلند شرح پر نیتن یاہو حکومت کے ردعمل پر شدید ناراض ہیں کیونکہ اس سے قبل اسرائیلی حکومتیں عربوں پر ووٹ نہ ڈالنے کا الزام لگاتی رہی ہیں۔کہتے ہیں’’اِس بات کا خطرہ ہے کہ اسرائیلی حکومت اور سیاست دانوں کے منفی و نفرت انگیز رویّے دیکھ کر عربوں میں مایوسی کی سطح اتنی بلند ہو جائے کہ شاید مستقبل میں ہمیں سیاسی شمولیت کی یہ سطح دوبارہ دیکھنے کو نہ ملے۔ اگر اُن کی طرف سے بڑھائے گئے ہاتھ کا اپوزیشن بلاک سے مثبت جواب نہ ملا... تو مجھے ڈر ہے کہ اگلی بار وہ اتنی بڑی تعداد میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔‘‘

عرب ووٹروں کو بہرحال اُمید ہے، نتائج وہ مسائل حل کریں گے جو عوام کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔مغربی کنارے کی سرحد کے قریب واقع، اسرائیلی شہر کفر قاسم میں ملے جلے تاثرات پائے جاتے ہیں۔وہاں سڑکوں پر کوئی جشن کا ماحول نہیں اور لوگ روزمرہ کے کاموں میں مصروف ہیں، اس بات سے بے خبر کہ کیا اُن کا ووٹ کوئی تبدیلی لائے گا یا نہیں۔کچھ لوگ پُرامید ہیں اور اس بات پر خوش کہ ایک ایسے نتیجے کے ساتھ صبح ہوئی جس میں سبھی شہریوں کی شمولیت محسوس ہوتی ہے۔کفر قاسم میں ایک دکان کے مالک، احمد عیسیٰ الیکشن کے اگلے دن فخر سے باہر کھڑے تھے۔کہتے ہیں’’ہم (عرب) یہاں موجود ہیں اور ہم نے الیکشن میں بھرپورحصہ لیا ہے... نتائج نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا اور عربوں نے اپنا وعدہ پورا کیا ۔‘‘

احمد کا کہنا ہے، اسرائیلی حکومت کی ’’نسل پرستی‘‘ کے باعث اُن جیسے غیر یہودی شہریوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔حکومت کہتی ہے، اس ملک میں ہمارے پاس حقوق نہیں ہیں۔اسرائیل میں بستے عرب تشدد کے بڑھتے واقعات، گھر مسمار کیے جانے اور موجودہ حکومت کی طرف سے عدم تعاون کا شکار ہیں۔‘‘عربوں میں بہت سے لوگ مایوس اور تھکے ہوئے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ انہیں کسی بھی سیاسی دھڑے کی طرف سے قبول نہیں کیا جاتا اور اُن کا ماننا ہے کہ یہودی لیڈروں کی جانب سے سامنے آنے والا منفی ردِعمل اور اتحادیوں کی کمی یہ ثابت کرتی ہے کہ اعداد و شمار میں مضبوط ہونے کے باوجود انہیں کس حد تک پسِ پشت ڈال دیا گیا ہے۔

کفر قاسم کی ایک مصروف سڑک پر کھڑے نوجوان، عزام سرسور کا کہنا ہے کہ اُن کے تمام رشتے دار تبدیلی لانے کی اُمید میں ووٹ ڈالنے نکلے تھے، لیکن یہودی جماعتوں کی جانب سے عرب جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے سے انکار دیکھنے کے بعد وہ اگلی بار ووٹ ڈالنے کی زحمت نہیں کریں گے۔کہتے ہیں ’’ہم نے بیکار میں ووٹ دیا ۔ اگر عرب جماعتیں 40 نشستیں بھی جیت جاتیں تو اس کا کوئی مطلب نہ ہوتا۔ سچ کہوں تو میں یہ ملک چھوڑنے پر غور کر رہا ہوں۔‘‘

ایک دکاندار نے نشاندہی کی کہ یہ الیکشن’’ کفر قاسم سانحے‘‘ کی برسی سے دو دن پہلے ہوا جو اسرائیل میں فلسطینیوں کے لیے ناانصافی کی علامت اور ظلم و ستم پہ مبنی اُس تاریخ کی یاد دہانی بن چکا جو موجودہ صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔آرام حسین کیوان کے نزدیک موجودہ صورتحال سے کسی بھی قسم کی تبدیلی بہتر ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ غزہ کے معاملے پر یہودی جماعتوں کے موقف میں کوئی فرق نہیں پھر بھی وہ ’’ایک ایسی حکومت کو ترجیح دیں گے جو دن میں 10فلسطینی شہید کرتی ہو نہ کہ اُس حکومت کو جو دن میں  100فلسطینیوں کی جان لے لیتی ہے۔‘‘ تمام خدشات اور شک و شبہات کے باوجود مس فرحات کو اب بھی تبدیلی آنے کی امید ہے۔وہ کہتی ہیں’’اُمید ہے، نتائج اُن مسائل کے حل میں کام آئیں گے جو عوام کی نظر میں اہمیت رکھتے ہیں، نہ کہ کسی حکمران کی عوامی مفادات کی قیمت پر اقتدار سے چپکے رہنے کی خودغرضانہ خواہش کے عکاس بن جائیں۔‘‘

اپوزیشن کے لیے امتحان

یہ یاد رہے، اسرائیل میں ساڑھے اٹھارہ لاکھ مسلمان آباد ہیں جن میں اکثریت فلسطینی عربوں کی ہے۔ مشرقی بیت المقدس میں ساڑھے تین لاکھ مسلمان آباد ہیں مگر وہ اسرائیلی الیکشن میں ووٹ نہیں ڈال سکتے کیونکہ وہ اسرائیل کے شہری نہیں ۔ اگر وہ بھی حالیہ الیکشن میں ووٹ ڈالتے تو عرب جماعتوں کی نشستیں بیس اکیس تک پہنچ جاتیں۔ حالیہ الیکشن میں عرب پارٹیوں کو آٹھ لاکھ تیس ہزار سے زیادہ ووٹ پڑا ۔پچھلے الیکشن میں انھیں صرف ساڑھے تین لاکھ ووٹ ملے تھے۔

یہ واضح رہے، عرب قیادت والی کوئی پارٹی اسرائیلی حکومت میں صرف ایک بار، 2021 ء میں شامل ہوئی تھی ۔ایک ممکنہ منظر نامہ آئزن کوٹ کی قیادت میں اقلیتی حکومت قائم ہونے کا ہے جسے رعام کی حمایت حاصل ہو اور جوائنٹ لسٹ اعتماد کے ووٹ میں فیصلہ کن کردار ادا کرے۔لیکن اس میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ آئزن کوٹ کے اتحاد کی ایک اہم شخصیت، ایویگڈور لیبرمین عرب جماعتوں پر انحصار کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ایک اور راستہ یہ ہے کہ نیتن یاہو اتحاد میں شامل الٹرا آرتھوڈوکس یہودی پارٹی، یونائیٹڈ توراہ جوڈائزم پارٹی آئزن کوٹ کی حمایت کردے۔ مگر دوسری طرف نیتن یاہو بھی مخالف بلاک سے کسی پارٹی کو اپنے ساتھ ملا کر اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔

دھاندلی کے الزامات

یہ بڑی تشویش ناک بات ہے، نیتن یاہو اور ان کی لیکوڈ پارٹی نے اِن بے بنیاد الزامات کو ہوا دی کہ عرب قیادت والی جماعتوں نے ممکنہ طور پر غیر ملکی مدد سے الیکشن ’’چرا‘‘ لیا ہے۔ نیتن یاہو نے یہ تک تجویز کر دیا کہ آئزن کوٹ یا دیگر افراد کا عربوں کے ساتھ اتحاد کرنا غدارّی کے مترادف ہوگا۔ اپوزیشن نے نیتن یاہو پر عرب شہریوں کو نشانہ بنانے اور بدنام کرنے کا الزام لگایا۔اس دوران ہزاروں اسرائیلیوں نے آئزن کوٹ پر زور دینے کے لیے ریلیاں نکالی کہ وہ عرب قیادت والی جماعتوں کے ساتھ شراکت داری کرلیں

آگے کیا ہوگا؟

الیکشن نتائج اسرائیلی صدر، اسحاق ہرزوگ کے سامنے پیش ہوں گے۔وہ پھر کسی لیڈر کو حکومت بنانے کی ذمے داری سونپیں گے۔ نئی کنیسیٹ 10 نومبر کو حلف اٹھائے گی۔ آئزن کوٹ کا بلاک عرب جماعتوں کے ساتھ مل کر نیا اسپیکر منتخب کر سکتا ہے جس سے انہیں پارلیمانی ایجنڈے کا کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔ماہرین کی رو سے اگر حکومت بنانے کی متعدد کوششیں ناکام ہو گئیں، تو اسرائیل کو اگلے سال نئے انتخابات کا سامنا کرنا پڑے گا۔بہر حال عرب ووٹروں نے نئی تاریخ رقم کر دی ۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ان کی 19 نشستیں واقعی حقیقی سیاسی طاقت میں تبدیل ہو پائیں گی؟

حکومت بنانے میں جوڑ توڑ

یہ نکتہ نمایاں کرنا ضروری ہے کہ اسرائیل کی تقریباً 40فیصد یہودی آبادی سیکولر ہے۔ یہ لوگ عرب جماعتوں سے اتحاد کرنے کے حامی ہیں تاکہ انھیں نیتن یاہو سمیت دیگر انتہا پسند یہودی لیڈروں سے چھٹکارا مل سکے۔انہی لوگوں نے اسرائیل میں مظاہرے کر کے مطالبہ کیا کہ گیڈی آئزن کوٹ اور اُن کے اتحاد میں شامل یہودی- اسرائیلی جماعتوں کے دیگر راہنما عرب پارٹیوں سے شراکت کر کے نئی حکومت بنا لیں۔ وہ کہتے ہیں’’یہ حقیقی تبدیلی کا آخری موقع ہو سکتا ہے۔‘‘مگر وہ یہ بھی مانتے ہیں، اسرائیل میں سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والا نیتن یاہو جوڑ توڑ کرتا نہایت شاطر وچالاک سیاست داں ہے۔

دریں اثنا تمام سیاسی جوڑ توڑ کے دوران نیتن یاہو اپنے عہدے پر فائز رہے گا—خواہ نئی حکومت بننے میں ہفتے لگیں یا مہینے۔ یا اگر نئی حکومت نہ بن سکی تو نئے انتخابات کے اعلان تک بھی وزیراعظم رہے گا۔مذید براں اسرائیل میں اس خدشے کا شدید اظہار کیا گیا کہ نیتن یاہو اسرائیل کو ایران کے ساتھ دوبارہ جنگ کی طرف دھکیلنے یا اپنے کسی دوسرے پڑوسی کے ساتھ تنازع بڑھانے کی کوشش کر سکتا ہے۔اس کے پیچھے یہ سوچ کارفرما ہے کہ یوں کشیدگی سے یا تو اُن حالات پر منفی اثر پڑے گا جن میں اتحادی مذاکرات کر رہے ہیں، یا پھر اِن دلائل کو تقویت ملے گی کہ جنگی حالات کا تقاضا ہے ، ایک ’’ قومی حکومت‘‘ بنائی جائے۔ایسے منظر نامے میں نیتن یاہو کے وزیراعظم رہنے کا امکان بڑھ جائے گا۔واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ ایک ایسا خیال ہے جو نیتن یاہو پہلے ہی ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے پیش کر چکے اور جسے اسرائیلی صدر کی حمایت بھی حاصل ہے۔یوں عرب پارٹیوں کے بغیر یہودی جماعتیں قومی حکومت بنا لیں گی۔

سیکولر یہود نے مظاہرے کیے تو شدت پسندوں کے جوابی مظاہروں میں نیتن یاہو کے حامیوں کو یہ نعرے لگاتے سناگیا ’’اسرائیل میں دہشت گردوں(عرب مسلمانوں) کے ساتھ حکومت نہیں بننی چاہیے۔‘‘عرب جماعتوں کی انتخابی کامیابی کا مطلب ہے، آئزن کوٹ کے ساتھ اتحاد انھیں 67 نشستوں کی آرام دہ اکثریت فراہم کر سکتا ہے۔ تاہم اسرائیل میں کئی لوگوں کے لیے عربوں کا ساتھی بننے کا خیال سیاسی طور پر ناگوار ہے۔ اسرائیلی رائٹسٹ حلقوں نے عرب اسرائیلیوں کے تاریخی ٹرن آؤٹ کو ’’انتخابی دہشت گردی ‘‘سے تعبیر کیا ۔ اور اس کا موازنہ 7 اکتوبر کے حملے سے کیا جب حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی اسرائیل پر حملہ کر کے 1200 سے زائد افراد ہلاک اور سو سے زائد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے، اسرائیل میں عرب مسلمانوں کو خاص طور پر اس لیے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ طے کرنے میں ایک ’’نمایاں اور اہم طاقت‘‘ بن گئے ہیں کہ آیا آئزن کوٹ حکومت بنا سکتے ہیں یا نہیں۔

الیکشن کی اصل اور مرکزی کہانی

 فلسطینی عرب جماعتیں جنہیں ریکارڈ نشستیں ملی ہیں، اِس اسرائیلی الیکشن کی اصل اور مرکزی کہانی ہیں۔چنانچہ ایک طرف آپ کو ایک شدید تقسیم شدہ یہودی وصیہونی معاشرہ نظر آتا ہے ۔ دوسری طرف اسرائیل کے فلسطینی عرب شہریوں کا ایک واضح ٹرن آؤٹ ہے جو نیتن یاہو حکومت ہٹانے کے لیے بہت، بہت سنجیدہ اور پُرعزم ہیں۔ عرب باشندوں نے عالمی مبصرین کو حیران کر دیا۔اب سبھی ہ جانتے ہیں کہ پارلیمنٹ کی اکثریت، یعنی 67 نشستیں موجودہ نیتن یاہو حکومت کے خلاف ہیں۔ نیتن یاہو کے پاس 53 نشستیں ہیں، جبکہ اس کے بلاک نے 15 نشستیں گنوا دیں۔ اس لیے ایک معنی میں یہ درحقیقت نیتن یاہو کی ہار ہے۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز (Haaretz) کے ایک کالم میں، جس کا عنوان تھا "میں ایک اسرائیلی اپوزیشن لیڈر ہوں: اب وقت آ گیا ہے کہ عربوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی جائے،کالم نگار گولان نے لکھا: ’’وہ لوگ جنہوں نے خود پہلے عربوں کے ساتھ حکومت بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی تھی، وہ اب ہمیں یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ عرب جماعتوں کے ساتھ شراکت داری غیر قانونی ہے۔ وہ اسے ’’رعام گیٹ‘‘ (Ra'amgate) کہتے ہیں جو اُن کا نیا جھوٹا بیانیہ ہے۔حقیقت یہ ہے، جمہوری اسرائیل میں شہریت مشروط نہیں ۔ سخنین یا راہط کے شہروں میں ایک عرب شہری کے ڈالے گئے ووٹ کی اہمیت بالکل وہی ہے جو تل ابیب یا سدیروت میں ایک یہودی شہری کے ووٹ کی ۔‘‘

ایک سینئر اسرائیلی صحافی،ام نون لارڈ (Lord Amnon )کا کہنا ہے ’’حالیہ الیکشن کے بعدعربوں اور یہودیوں کے درمیان تعلقات میں تبدیلی نہیں آئے گی لیکن قانونی سطح پر اور عرب شہروں اور دیہاتوں میں حکومتی اختیارات کے استعمال کے طریقے میں بڑی تبدیلی آئے گی۔اسرائیلی اپنی مسلمان آبادی سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ یہودی خودمختاری اور آزادی تسلیم کریں اور ان بنیادوں کو کمزور کرنے کے لیے جمہوری عمل بطور ہتھیار استعمال نہ کریں اور یقیناً اسرائیل کے سیکورٹی تقاضوں کو تسلیم کریں۔اسی لیے عرب وزرا کو کابینہ میں شامل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے۔ اس لیے نہیں کہ وہ مسلمان ہیں بلکہ اس لیے کہ وہ آئی ڈی ایف (اسرائیلی فوج ) کی فوجی کارروائیوں کی ذمے داری قبول نہیں کریں گے۔ البتہ وہ ایسی حکومت کی طرف سے طے شدہ پولیس سرگرمیوں کی ذمے داری میں ضرور شریک ہو سکتے ہیں جن میں وہ شراکت دار ہوں۔‘‘

 ام نون لارڈ کا دعوی ہے،عرب جماعتیں کنیسیٹ اور اتحادی فیصلوں کے ذریعے بجٹ، اسرائیلی بیوروکریسی اور ہر سرکاری عہدے پر عربوں کے لیے نئی اسامیوں کی شکل میں یقیناً بہت کچھ حاصل کریں گی۔عرب پہلے ہی اسرائیل کے صحت کے نظام پر غالب ہیں،اب اُن کی انتخابی کامیابی کا انہیں صلہ دیا جائے گا، یہاں تک کہ دائیں بازو کی حکومت کی طرف سے بھی۔کسی بھی صورتحال میں عرب کنیسیٹ ارکان پارلیمنٹ میں اہم عہدے سنبھالیں گے، جیسے چیئرمین یا ڈپٹی چیئرمین۔ وہ ایک یا دو اہم کمیٹیوں کے سربراہ کے طور پر بھی عہدے حاصل کرسکتے ہیں۔