کار کی ٹکر سے فوڈ پانڈا رائیڈر جاں بحق، سی ٹی او لاہور کا نوٹس

جاں بحق رائیڈر کی شناخت محمد شہزاد کے نام سے ہوئی ہے


سید مشرف شاہ November 10, 2026

لاہور:

رنگ روڈ چوک سے ایکسپو جانے والے راستے پر کار اور فوڈ پانڈا رائیڈر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا رائیڈر دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جاں بحق رائیڈر کی شناخت محمد شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فوری کارروائی کی ہدایت کی، جس پر ڈی ایس پی احسن سلیم جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔

حادثے میں ملوث کار اور ڈرائیور کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ نواب ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے حادثے کی تمام تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔