وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بہتر بنانے کے اقدامات اور پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلز جلد مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
انہوں نے اسلام آباد کے موجودہ ہوٹلز کی تزئین و آرائش اور معیار بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے، مقامی ہوٹلز کو بین الاقوامی ہوٹل چینز سے منسلک کرنے اور ہوٹل مالکان کے ساتھ روابط و تعاون کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال بھی تعمیر کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جائے اور تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کرنے اور نئے ہوٹلز کے فعال ہونے سے قبل تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔