لاہور:
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24 نومبر تک توسیع کردی۔
جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر حماد اظہر کو منگل کو عدالت میں پیش کیا گیا، حماد اظہر نے جیل میں بی کلاس کی سہولت کے لیے درخواست جمع کرادی جبکہ انہوں نے بیرک اور واش روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے خلاف بھی درخواست دیدی۔
حماد اظہر نے درخواست میں موقف اپنایا کہ بیرک میں بیڈ، کرسی اور میز جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں، بیرک میں دو سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو نجی زندگی اور بنیادی انسانی وقار کے منافی ہیں، دونوں کیمرے باتھ روم اور واش روم کی جگہ کو بھی مانیٹر کرتے ہیں۔
حماد اظہر نے کہا کہ بیرک میں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی حقِ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں بیرک سے دونوں سی سی ٹی وی کیمرے ہٹانے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے موجودہ سی گریڈ سہولیات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے بی کلاس سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کی اور بی کلاس سہولیات کے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کی بھی پیشکش کردی۔