بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹرکی ہلاکت کے مقدمے میں 10سال قیدِ بامشقت کی سزا سنادی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کی سب انسپکٹر عطاءاللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں بریت کے خلاف اپیل پرفیصلہ سنایا۔
عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت سے متعلق ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا4 ستمبر 2020 کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا اور سابق ایم پی اے کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیا۔
ہائیکورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے، ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور عبدالمجید اچکزئی کو فوری گرفتار کرکےجیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہےکہ جون 2017 میں عبدالمجیداچکزئی کی گاڑی سے ٹریفک سب انسپکٹرکے کچلنے کا واقعہ پیش آیا تھا