ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں، تیز ہواؤں اور برفباری کی پیشگوئی، الرٹ جاری

بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ جبکہ دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے


ویب ڈیسک November 10, 2026

ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارشوں، تیز ہواؤں، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، میانوالی، جہلم، منڈی بہاءالدین، اٹک، چکوال، خوشاب، بھکر، سرگودھا، مری اور گردونواح میں بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد اور شیخوپورہ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث سموگ میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے 10 سے 14 نومبر کے دوران صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ اور کوہاٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔

ادھر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارکھان، ژوب، موسیٰ خیل، کوئٹہ، زیارت، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، قلات اور خضدار میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب اور خیبر پختونخوا نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، حساس مقامات، ندی نالوں اور دریاؤں کی نگرانی، نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

شہریوں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہنے اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے ہنگامی صورتحال میں عوام سے ہیلپ لائن 1700 جبکہ پنجاب میں 1129 پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔